امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ، سعودیہ، اسپین، جرمنی اور کینیڈا سے گرفتاریاں عمل میں آئیں
ویب سائٹ پر دو لاکھ 50 ہزار ویڈیوز موجود تھیں، برطانوی خبر رساں ایجنسی
لندن (آئی این پی) برطانیہ اور امریکا کے تفتیش کاروں نے ڈارک ویب پر موجود بچوں سے بدفعلی پر مبنی ویڈیوز کی ویب سائٹ پر تحقیق کرکے مختلف ممالک سے 337 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ برطانیہ کی سرکاری ایجنسی این سی اے نے بتایا کہ ویب سائٹ پر 2 لاکھ 50 ہزار ویڈیو موجود تھیں جن کو پوری دنیا سے مختلف افراد نے 10 لاکھ بار ڈائون لوڈ کیا تھا۔ ویب سائٹ پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والوں کو ڈیجیٹل کرنسی میں ادائیگی کی جاتی تھی۔ تفتیش کاروں نے 38 ممالک سے 337 افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں برطانیہ، آئرلینڈ، امریکا، جنوبی کوریا، جرمنی، اسپین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کینیڈا اور چیک ری پبلک کے باشندے شامل ہیں۔ مذکورہ ویب سائٹ جنوبی افریقا سے چلائی جارہی تھی اس لیے مقامی پولیس سے بھی مدد لی گئی تھی۔ امریکا کے محکمہ انصاف کے مطابق یہ بچوں سے بدفعلی پر مبنی ویڈیوز کی سب سے بڑی ویب سائٹ تھی جس کو بند کر دیا گیا ہے۔

