دادو(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے نااہل مشیروں اور وزیراعظم کی جلد بازی کی وجہ سے ملکی اداروں کی عزت خاک میں ملادی جبکہ پہلی مرتبہ پاک فوج کے سربراہ کی تعیناتی کو متنازع بنادیا ہے،مدینے کی ریاست کا نام لینے والے پہلے مدینے کی ریاست کی تاریخ کا اچھی طرح مطالعہ کریں، نبیؐ نے مکے سے ہجرت کرکے مدینے میں اللہ کے دین کو مکمل طور پر نافذ کیا اور دنیا کی پہلی اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی جہاں پر انصاف، روزگار، عام آدمی کی عزت،خواتین اور بچوں کی عصمتیں محفوظ اور غربا ومساکین کی ہر ممکن داد رسی کی جاتی تھی لیکن آج مدینے کی ریاست کا نعرہ لگانے والوں نے پاکستان میںاپنی ناقص معاشی اور سیاسی پالیسیوں کی بدولت عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میہڑ میں جماعت اسلامی ضلع دادو کے ضلعی نظم اور کارکنان کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ہمارا بنیادی عقیدہ ہے کہ دنیا کی ہر چیز کا اختیار صرف اللہ کے پاس ہے، انسان زمین پر اس کا خلیفہ اور اس کے احکامات پر عملدرآمد کرنے کا پابند ہے، آخری نبیؐ کے بعد یہ ہمارا کام ہے کہ ہم قرآن اور نبیؐ کے بتائے ہوئے احکامات پر چلتے ہوئے سسکتی ہوئی انسانیت کو فلاح کے راستے پر گامزن کریں ،دین میں سکون ہے، حضورؐ کے بعد امت مسلمہ پر یہ بھاری ذمے داری ہے کہ بھٹکے ہوئے لوگوں کو جنت کی راہ پر لائیں، کارکنان معاشرتی برائیوں میں ملوث نوجوانوں کو جماعت اسلامی کی دعوت دیں اور اپنے اندر داعیانہ تڑپ پیدا کریں، کیوں کہ ایک داعی کا کام ہے کہ وہ بھٹکے ہوئے لوگوں کو اللہ کے راستے پر گامزن کرے۔موجودہ حکمرانوں نے نیا پاکستان تو درکنار پرانے پاکستان کا بھی بیڑہ غرق کردیا ہے۔ ملک میں معاشی اور سیاسی بحران کے بعد ایک نیا آئین بحران بھی کھڑا کردیا ہے جو کہ موجودہ حکمرانوں اور قانونی ٹیم کی سب سے بڑی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، آرمی چیف کے معاملے پر عدالت عظمیٰ میں حکمران ایک سمری بھی ٹھیک سے پیش نہیں کرسکے جس کی وجہ سے گزشتہ 3 دن سے پوری دنیا کی میڈیا خاص طور پر ہمارے ازلی دشمن بھارت میں شادیانے بجائے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ضلعی امیر واحد بخش ببر، محمد رمضان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

