English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

خلیج تعاون کونسل اجلاس میں بھی ایران پر توجہ مرکوز

ریاض: خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے سربراہ گروپ فوٹو بنوا رہے ہیں

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس میں ایران پر زیادہ توجہ مرکوز رہی۔ خبررساں اداروں کے مطابق منگل کے روز ریاض میں ہونے والے اجلاس میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے خطے میں ایران سے نمٹنے کے لیے خلیجی ممالک میں اتحاد کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت نے خطے میں جارحانہ پالیسیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، جن سے ہمسایہ ممالک کے استحکام کو نقصان پہنچتا ہے۔ شاہ سلمان نے کہاکہ جی سی سی نے اپنے قیام کے بعد سے خطے کو درپیش ہونے والے کئی ایک بحرانوں پر قابو پایا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ توانائی کی رسد اور محفوظ بین الاقوامی جہاز رانی اور آزادانہ حمل و نقل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔ اجلاس سے قبل انہوں نے رکن ممالک کے وفود کا خیرمقدم کیا۔ ان میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر ووزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم، امیرکویت شیخ صباح الاحمد الصباح، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، قطر کے وزیراعظم شیخ عبداللہ بن ناصر خلیفہ الثانی اور عمان کے نائب وزیراعظم فہد بن محمود السعید شامل تھے۔ اجلاس میں قطر کے امیر شیخ حمد تمیم بن حمد الثانی شریک نہیں ہوئے، حالاں کہ انہیں شاہ سلمان نے شرکت کی دعوت دی تھی۔ دوسری جانب خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ نے اتفاق رائے سے کویت کے سابق وزیرخزانہ ڈاکٹر نایف حجراف کو کونسل کا نیا سیکرٹری جنرل مقرر کرنے کی منظوری دی۔ نایف حجراف اپریل 2020ء میں اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ ان کے پیش رو بحرین سے تعلق رکھنے والے عبداللطیف بن رشید الزیانی اپنی مدت پوری ہونے کے بعد آیندہ سال سیکرٹری جنرل کے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے