English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بنگلادشی حکومت نے 1971 میں پاکستان سے تعاون کرنیوالوں کی فہرست جاری کر دی

القمر

ڈھاکا( نمائندہ خصوصی) بنگلا دیش کی جنونی حکومت نے ڈھاکا پر بھارت کی مد د سے قبضے کے48 برس مکمل ہونے کے موقع پر 1970ء اور 1971ء میں پاکستان حکومت سے تعاون کرنے والوں کی فہرست جاری کر دی ہے ۔ جنونی حکومت کی قائم کردہ جنگ آزادی وزارت کے وزیر اے کے ایم مزمل الحق نے دس ہزار 789 افراد کی فہرست جاری کی ہے ۔ مزمل الحق نے پاکستان کی جائز اور قانونی حکومت کو قابض قرار دیتے ہوئے یہ فہرست جاری کی ہے ۔ اس فہرست میں پاکستان کے سابق نائب صدر نور الامین ، حامد الحق چودھری، خان عبدالصبور خان ، خواجہ خیر الدین ، راجا تری دیور رائے ، پروفیسر غلام اعظم ، شاہ عزیز الرحمن ، فضل القادر چودھری جیسے رہنمائوں کا نام بھی شامل ہے ۔ اس فہرست میں بنگلا دیشی حکومت پاکستان اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے والوں کے نام بھی شامل کر دیے ہیں ۔ یہ لوگ عوامی لیگ کے ارکان اسمبلی کی خالی کردہ نشستوں پر منتخب ہوئے تھے ۔ ان میں مسلم لیگ ، ڈیمو کریٹک پارٹی ، جماعت اسلامی ، پیپلز پارٹی کے لوگ بھی شامل ہیں ۔ ان میں فضل القادر چودھری ، ایم اے حنان ، عباس علی خان ، چودری حبیب الرحمن ، شاہ روح الاسلام، عبدالقاسم ، ایم اے متین ، احفاظ الدین احمد،مولانا کے ایم یوسف اور عبدالرحیم وغیرہ شامل ہیں جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ فہرست میں کچھ ہندوئوں کو بھی پاکستانی حکومت کا سہولت کار قرار دیا گیا ہے ۔ ان میں کے آر مکھر جی ، تاپن ، کے آر چکروانی ،امریتا لال گھوش ، نریندر ناتھ موجمدار ، ہری پازہ دیو ، جگدیش چودھری ، مکھر جی اور پیارے لال اس فہرست میں الشمس اور البدرکے ان رضا کاروں کے نام شامل نہیں ہیں جنہیں بنگلا دیش جنونی حکومت گزشتہ پانچ برس میں اس الزام میں سزائے موت دے چکی ہے ، ان میں مطیع الرحمن نظامی ، علی احسن محمد مجاہد ، عبدلقادر ملا ، چودھری معین الدین وغیرہ شامل ہیں ۔ اس فہرست پر اعتراضات بھی سامنے آ رہے ہیں ۔ لندن میں معروف کالم نگار اور مصنف عبدالغفار چودھری نے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اس فہرست کے مستند ہونے پر شبہات ظاہر کیے ہیں اور کہا ہے کہ اس میں شامل بہت سے لوگوں نے عومی لیگ میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور مسلسل اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں ۔ شیخ حسینہ واجد کی ذمے داری ہے کہ ا ن لوگوں کے ناموں سے قوم کو آگاہ کریں جنہوں نے بنگلا دیش کے قیام کے بعد عوامی لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ مزمل الحق نے اعلان کیا ہے کہ 26 مارچ کو یہ فہرست شائع کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ جس دور کو جنگ آزادی کا دور کہا جا رہا ہے وہ پاکستان کی آزاد حکومت کے خلاف بھارت کی مدد سے سازش تھی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے