لاہور (نمائندہ جسارت) عوامی رکشا یونین پاکستان اور عوامی پاسبان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ پاک فوج پاکستان کا فخر ہے اس کے جذبہ شہادت کامقابلہ دنیا کی کوئی طاقت نہیں کر سکتی۔ مودی سرکاراسلام اور مسلمان دشمنی میں فرعونیت کی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 137واں دن ہے ان کے بچے بھوک سے بلک رہے ہیں، مریض ادویات سے محروم ہیں،مردے گھروں میں دفن کرنے پر مجبور ہیں،مسجد میںنماز پڑھنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔انٹر نیشنل میڈیا کو کورج کی اجازت نہیں ، نوجوانوں کو سیدھی گولیاں مار کر شہید کیا جارہا ہے آر ایس ایس کے غنڈے فوجی وردیوںمیںعورتوں ، بچوں اور بوڑھوںپر تشدد کررہے ہیں۔نوجوان بچیوںکی عصمت دری کی جارہی ہے ان مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے بھارت میں مسلمانوں کی زندگی مزید تنگ کرنے کے لیے متنازعہ شہریت بل بھی پاس کروا لیا گیا ہے ۔بھارتی میڈیا مودی سرکار کی واہ ،واہ پر لگا ہوا ہے۔مسلہ کشمیر کے حل کیلیے اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پرسختی سے عمل درآمد کروائے اور پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی مدد کے ساتھ ساتھ ان کی عسکری مدد کا بھی اعلان کرے اور مسلہ کشمیر کے حل تک وابگہ بارڈر کے ذریعے ہونے والی پیاز و ہر قسم کی تجارت فوری طور پر بند کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے سامنے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مودی سرکار کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں عوامی رکشا یونین و عوامی پاسبان کے سینکڑوں کارکنوں کے علاوہ سول سوسائیٹی کے افراد کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جو مودی سرکار کے خلاف ، پاک فوج اورکشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔مجید غوری نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی کیلیے متحد ہو کر آواز روزانہ کی بنیاد پر بلند کریں کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیر کے بغیر پاکستان کی سلامتی بھی خطرے میں ہے۔حکومت پاکستان اقلیتوں کو تحفظ دے رہی ہے ان کی عبادت گاہوںکی حفاظت کررہی ہے افغانستان کا پیاز واہگہ کے ذریعے انڈیا بھیج رہی ہے جبکہ انڈیا نے ٹماٹر بھیجنا بھی بند کر دیئے ہیں۔بھار ت کو جب تک اس کی زبان میں جواب نہیں دیا جائگا کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔ مجید غوری کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے خلاف منفی پرپگنڈا کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں۔پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان ہماری طرف آنے والی ہر گولی کو اپنے سینے آگے کر کے روک لیتے ہیں۔ہماری آزادی اللہ اور اسکے رسولﷺ کی مدد کے بعد پاک فوج کی مرحون منت ہے ۔ اس لیے ہم پاک فوج ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے شہداء کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
