English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیل کا پاکستان کے خلاف جاسوسی کا انکشاف

لندن: اسرائیل کا پاکستان کے خلاف جاسوسی کا انکشاف ہوا ہے ،اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنی اسپائی ویئر نامی وائرس کے ذریعے متعدد پاکستانی حکام کے موبائل فونز کی جاسوسی کی ہے۔

برطانوی اخبار دی گارجین کی رپورٹ کےمطابق اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنی این ایس او نے اسپائی ویئر سے واٹس ایپ کی سیکورٹی  نظام میں مداخلت کی اور پاکستان کےاعلیٰ دفاعی اور خفیہ ایجنسی کے افسران کی جاسوسی کی۔

برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سینئر پاکستانی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سینئر دفاعی حکام اور انٹیلی جنس افسران کو اسپائی ویئر کے ذریعے نشانہ بنا کر ان کی جاسوسی کی گئی ہے۔رواں سال کے آغاز پر ایک تجزیے میں انکشاف ہوا تھا کہ 14 سو افراد کے موبائل فونز پر ہیکنگ کی کوشش کی گئی اور دو ہفتوں کے درمیان بار بار ان کے موبائل فونز پرپراسرارسرگرمیوں کی نشاندہی ہوئی۔

صارفین کی رازداری کو نشانہ بنانے پرواٹس ایپ نے این ایس او کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا تھا کہ مذکورہ کمپنی نے بغیر اجازت مداخلت کرکے اس کی سروس کی توہین کی ہے۔واٹس ایپ نے مقدمے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیلی کمپنی نے دنیا بھر کے صحافی، انسانی حقوق کے رضاکاروں، سیاستدانوں، سفارتکاروں  اور دیگر اعلیٰ سرکاری شخصیات  کو ہیکنگ کا ہدف بنایا ۔

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے لندن اور واشنگٹن میں سفارتخانوں نے مبینہ ہیکنگ پر کوئی ردعمل نہیں دیا جبکہ این ایس او کے نمائندوں نےبھی جواب دینے سے گریز کیا ہے کہ انہوں نے سافٹ ویئر کے ذریعےسرکاری افسران کی جاسوسی کی ہے یا نہیں۔

پاکستانی حکومت نے اس معاملے کی تشہیرنہیں کی تاہم اس سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے ڈیجیٹل ایشوز نے مقامی صحافیوں کو بتایا تھا کہ حکومت واٹس کے متبادل تیار کرنے میں مصروف ہے جس کے ذریعے حساس حکومتی شخصیات اور ڈیٹا کو محفوظ بنانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے