English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عالمی نظام سے منقطع آزاد انٹرنیٹ کا روسی تجربہ

القمر

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس نے انٹرنیٹ کے عالمی نظام سے پرے خودمختار سائبر نظام پر کام شروع کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ماسکو نے چند ماہ قبل ملک کو عالمی انٹرنیٹ سے جدا کرنے کا فیصلہ کیا تھا،جس پر حتمی طور پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ روس کی اس تگ و دو کا مقصد صرف یہ ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر سینسر شپ نافذ کرکے اپنے اندرونی حالات کو دنیا کی نظروں میں آنے سے محفوظ رکھے۔ ملکی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ اس اقدام سے روس دنیا میں تنہا ہوجائے گا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ماسکو نے انٹرنیٹ سروسز کو سائبر حملوں سے بچانے کے لیے اپنے انٹرنیٹ سسٹم کی فعالیت کے حوالے سے تجربے بھی کیے ہیں۔ کریملن نے صدر پیوٹن کے دستخط کے بعد نومبر میں ایک قانون تیار کیا تھا،جس کے مطابق بیرونی ممالک سے آنے والی انٹرنیٹ ٹریفک کو روس میں دیکھنے سے روکا جاسکتا ہے۔ متنازع انٹرنیٹ قانون کے تحت روس کی انٹرنیٹ ٹریفک کو عالمی سرور سے علاحدہ کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب روسی وزارت مواصلات نے اس بات کی تردید کی ہے کہ نئے تجربات کے تحت ملک کو دنیا سے الگ کیا جارہا ہے۔ ڈپٹی منسٹر مواصلات ایلکس سوکولو کا کہنا تھا کہ اس تجربے کا مقصد روس میں انٹرنیٹ سروسز کو کسی ناگہانی صورتحال میں بحال رکھنے کے لیے متبادل فراہم کرنا ہے۔ روسی سرکاری ٹی وی چینل رشیا 24 کے مطابق حکام 2ہفتے سے تجربے کر رہے تھے، جن کے نتائج کا اعلان حال ہی میں کیا گیا ہے۔ نئے قانون کے مطابق روس میں انٹرنیٹ مہیا کرنے والی کمپنی ڈیٹا ٹریفک کو پہنچانے کے لیے حکومت کی طرف سے دیے گئے آلات استعمال کرنے کی پابند ہوگئی۔ صدر نے اپنی سالانہ نیوز کانفرنس میں نئے انٹرنیٹ قانون کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت انٹرنیٹ بند نہیں کرنے جا رہی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے