
کٹھ منڈو (انٹرنیشنل ڈیسک) نیپال کی پولیس نے سیاحتی ویزے پر ملک میں آنے والے 122 چینی باشندوں کو سائبر کرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ کٹھ منڈو کے پولیس چیف اوتم سبیدی کے مطابق خفیہ اداروں نے ملزمان کی مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھی ہوئی تھی اور مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی چھاپے مارے گئے۔ کارروائی کے دوران حراست میں لیے گئے افراد میں خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ گرفتار چینی باشندے بینکوں کی کیش مشینوں کی ہیکنگ میں ملوث ہیں۔ ان کے لیپ ٹاپ اور پاسپورٹ تحویل میں لے کر مختلف تھانوں میں رکھا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکیوں کی اتنی بڑی تعداد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب چینی سفارت خانے نے فوری طور پر اپنے شہریوں کی گرفتاری پر ردِ عمل نہیں دیا۔ تاہم ایک نیپالی پولیس افسر ہوبندرا بوگاٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی سفارت خانہ گرفتاری سے آگاہ ہے اور اس نے ملزمان کی گرفتاری کی حمایت کی ہے۔ واضح رہے کہ چینی باشندوں کے اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ ہفتے فلپائن میں 342چینی باشندے گرفتار کیے گئے تھے، جب کہ ستمبر میں نیپال کی پولیس نے بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں ہیک کر کے پیسے نکالنے کے الزام میں 5چینی باشندوں کو گرفتار کیا تھا۔
