English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سوڈان میں 27 انٹیلی جنس اہلکاروں کو سزائے موت

القمر

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کی ایک عدالت نے خفیہ ادارے کے 27 اہل کاروں کو ایک زیرحراست احتجاجی پر تشدد کے جرم میں سزائے موت سنادی۔ جیل میں تشدد سے جاں بحق ہونے والا احمد الخیر ایک اسکول ٹیچر تھا۔ احمد الخیر کو رواں برس 31 جنوری کو حراست میں لیا گیا تھا اور 2 دن بعد وہ جیل ہی میں تشدد کی وجہ سے ہلاک ہو گیا تھا۔عدالت نے اسی مقدمے میں گرفتار 13 ملزمان کو عمرقید کی سزا سنائی ہے اور 4 کو بری کردیا۔ تمام سزا یافتہ مجرمان اعلیٰ عدالتوں میں عدالت کے اس حکم کے خلاف اپیل دائر کرسکتے ہیں۔ موت کی سزا پانے والے 27 افراد خفیہ ادارے کے اہل کار ہیں۔ ان اہل کاروں نے سابق صدر عمر حسن البشیر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران اس استاد کو تشدد سے ہلاک کیا تھا۔احمد الخیر کی مشرقی شہر خشم القربا میں سیکورٹی فورسز کے تشدد سے ہلاکت کے بعد ہی عمر البشیر کے خلاف عوامی احتجاج تحریک میں شدت آئی تھی اور اس کی موت اس تحریک کے لیے ایک انقلابی واقعہ ثابت ہوئی تھی۔ الخیرخاندان کے مطابق سیکورٹی حکام نے ابتدا میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ احمد الخیرکی موت زہر خورانی سے ہوئی، لیکن بعد میں سرکاری تحقیقات میں تشدد سے اس کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی۔انٹیلی جنس اہل کاروں نے انہیں دوران حراست تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اسی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں فوج نے صدر عمر البشیر کو اپریل میں معزول کردیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے