میرپورخاص، لاڑکانہ (نمائندگان جسارت) سال نو کو بھر پور طریقہ سے منانے کے لیے شراب خانوں پر منچلے نوجوانوں کارش ، شراب خانوں کے مالکان نے نیو ائر نائٹ کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی شراب ذخیرہ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے چھو منتر ہو گئی،شرا ب مالکان کی جانب سے موبائل فون سروس پر بھی شراب کی ڈیلوری جاری۔ تفصیلات کے مطابق نئے سال کے استقبا ل کے لیے شہرکے چاندنی چوک ، نیوٹائون سمیت اور دیگر جگہوں پر موجود شراب خانوں پر منچلے نوجوانوں جن میں زیادہ تعداد مسلم نوجوانوں کی ہے ،کا رش لگ گیا نیو ائر نائٹ کو بھرپو ر انداز میں منانے کے لیے شراب خانوں کے مالکان نے ایڈوانس میں کروڑوں روپے کی شراب منگوا کر اپنے گوداموں میں ذخیرہ کر لی تھی جو کہ اضافی نرخوں پر فروخت کی گئی رات گئے تک میرپورخاص کے چاندنی چوک اور نیو ٹائون میں موجود شراب خانوں پر شراب کی خریداری کے لیے شہر کے منچلے اور بگڑے ہوئے نوجوانوں کا رش دیکھنے میں آیا۔ ذرائع نے بتایا کہ شراب خانوں کے مالکان کی جانب بلیک میں اور اضافی نرخوں پر شراب کی موبائل سروس پر بھی فراہمی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پابندی کے باوجود شراب خانوں کے مالکان کی جانب سے بڑے پیمانے پر مسلم لوگوں کو شراب کی فروخت جاری ہے جبکہ شراب نوشی کرنے والے نوجوان میرپورخاص کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر اپنی موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں میں ہنگامہ آرائی اور غل غپاڑہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے شہر کے شریف النفس شہریو ں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے دوسری جانب پولیس انتظامیہ نے نیو ائر نائٹ پر منچلے نوجوانوں کے غل غپاڑے ،ہوائی فائرنگ اور دیگر خرافات سے نمٹنے کے لیے گشت میں اضافہ کیا ہے ۔علاوہ ازیں ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے سال 2020 ء کی خوشی میں فائرنگ اور ون وہیلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کردیے ہیں، اس حوالے سے ایس ایس پی مسعود احمد بنگش نے بتایا کہ نئے سال کی خوشی منانے میں کوئی عیب نہیں لیکن اس خوشی کو خوف وہراس کے طور پر مناکر فائرنگ اور ون وہیلنگ کسی صورت برداشت نہیں ایسے افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کے لیے ضلع کے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جس پر سو فیصد عمل کیا جائے اور اس کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی جائے گی، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ہوائی فائرنگ اور ون وہیلنگ سے گریز کیا جائے بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔
