English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت عملی اقدامات کرکے عوام کو مہنگائی سے نجات دلائے ،عبدالعزیز غوری

القمر

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت ) اللہ تعالیٰ کے بعد فوج ہی اس ملک کے دفاع اور بقا کی ضامن ہے جنگ ہوئی تو حکمران طبقہ اور سیاستدان میدان جنگ میں نہیں جائے گا دشمن کیخلاف جنگ فوج اور قوم لڑے گی پاکستان اور پاک فوج کو میلی آنکھ سے دیکھنے والے ناکام و نامراد ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے رہنما عبدالعزیز غوری نے غوری ہاؤس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کو خوار کرنے کیلیے حکومت نے جن جن شعبوں میں جو اقدامات کیے ہیں ان میں سے اب تک کوئی خیر برآمد نہیں ہوا مرکزی حکومت سندھ کی صوبائی حکومت کو ساتھ لیکر چلنے کے بجائے اسے گرانے کے چکر میں ہے اور اب صوبائی حکومت بھی مرکز کیخلاف ریشہ دوانیوں میں مصروف ہے جن پردہشت گردی کا لیبل لگایا جاتا تھا انہیں صوبائی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی جارہی ہے ،مرکزی یا صوبائی حکومتوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ حکومتیں انصاف سے قائم رہتی ہیں اور محبت سے پروان چڑھتی ہیں ظلم سے حکومتوں کا خاتمہ ہی ہوتا ہے اور نفرت سے اس کا نام و نشان مٹ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کسی بل کی حمایت یا مخالفت کو ملک و قوم سے وفاداری کا معیار نہ بنایا جائے سب محب وطن ہیں اقتدار کے حریص اور خواہش مند ہوسکتے ہیں غدار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جتنی کوششیں اپنے مخالفین کو تنگ کرنے میں لگادی ہیں اگر اس سے آدھی کوشش بھی ملک سے غربت کے خاتمے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کرلیتی تو آج ملک میں مہنگائی کا طوفان نہیں ہوتا بڑی بدقسمتی ہے کہ زرعی ملک میں لوگ آٹے کو ترس رہے گندم اور آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں مگر مرکزی و صوبائی حکومتیں کوئی کارروائی کرنے سے قاصر ہیں بیرون ملک گندم بھیجنے کے بجائے ملکی عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے ا،دویات کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے مگر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے صرف زبانی دعوے کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت عملی اقدامات کرکے ملکی عوام کو مہنگائی کے، کرپشن، لاقانونیت، اقرباپروری سے نجات دلائے اور غریبوں کی امداد وصول کرنے والے بااثر سرکاری ملازمین، سیاستدانوں اور صاحب حیثیت لوگوں کو بے نقاب کیا جائے اور ان سے غیر قانونی طریقے سے وصول کی گئی انکم سپورٹ پروگرام کی رقم ریکور کیجائے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے