برسلز (آن لائن) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ مسائل کے باوجود پاکستان 27 بین الاقوامی کنونشنز پر عملدرآمد کرنے کی بھر پور کوشش کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے 2 روزہ دورہ برسلز کے آخری روز یورپین پارلیمنٹ برسلز میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کو لے کر یہاں ملاقاتوں میں سب کا رویہ مثبت تھا، لیکن ان سے بچوں کی مزدوری اور لیبر لاز پر عملدرآمد کے حوالے سے سوالات کیے گئے میں نے بتایا کہ حکومت پاکستان ملک میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے جاری پروگرامز کے علاوہ یونیسیف سے مل کر ایک پروگرام شروع کرنا چاہ رہی ہے۔مشیر تجارت نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ یہاں لوگوں کو یہ بھی بتایا کہ مجبوری کے تحت کام اور مزدوری کرنا چوری اور جرم کرنے سے بہتر ہے، کیا آج سے 5 دہائیاں قبل یورپ میں چائلڈ لیبر نہیں تھی ؟ لیکن ہر آنے والے سال میں یہ کم ہو رہی ہے۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ جی ایس پی پلس سے یک طر فہ نہیں بلکہ دو طرفہ فائدہ ہوا ہے، اس اسکیم کے ذریعے گزشتہ 5 سال کے دوران 50 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اپنے دورئہ ڈیووس کے متعلق انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا ساز گار ماحول بن رہا ہے اور سرمایہ کار اس طرف متوجہ ہورہے ہیں۔رزاق دائود نے مزید آگاہ کیا کہ وہ کل افریقی ملک نیروبی جارہے ہیں جہاں”Look Africa” نامی عنوان کے تحت پاکستان سے 150 سے زیادہ تاجر اپنے خرچ پر وہاں آرہے ہیں، جہاں 200 سے زاید مقامی تاجروں کی ان سے ملاقات ہوگی۔ حکومت افریقا کی تجارتی منڈیوں تک رسائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے جہاں پاکستان میں بننے والی روایتی چیزوں کے علاوہ دیگر مصنوعات کو بھی متعارف کروایا جا سکتا ہے۔
پاکستان 27 عالمی کنونشنز پر عملدرآمد کی بھر پور کوشش کر رہا ہے، عبدالرزاق دائود
القمر
