English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایف بی آر سال کے پہلے 7 ماہ میں ہدف حاصل کرنے میں ناکام

القمر

اسلام آباد ( آن لائن) ایف بی آر سال کے پہلے 7 ماہ میں 387 ارب روپے کے شارٹ فال سے 27 کھرب 92 ارب روپے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ عارضی اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ٹیکس باڈی 27 کھرب 90 ارب سے زاید کے ہدف کے مقابلے میں 24 کھرب 10 ارب روپے جمع کرسکی، اس طرح 387 ارب روپے کا شارٹ
فال رہا۔ تاہم وصولیوںکے اعداد و شمار سے 16.8 فیصد ترقی دکھائی دی کیونکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 20 کھرب 70 ارب روپے تھی۔ واضح رہے کہ جنوری میں ریونیو کلیکشن میں گزشتہ سال کے 425 ارب روپے کے مقابلے میں 321 ارب روپے کے ساتھ 104ارب روپے کا شارٹ فال رہا۔ ٹیکس حکام نے بک ایڈجسٹمنٹ میں مزید 3 سے 5 ارب روپے وصولی کا تخمینہ لگایا ہے کیونکہ سالانہ ہدف تک پہنچنے کے لیے موجودہ ترقی کی شرح کا دگنا درکار ہوگا۔ ادھر رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان جن میں زیادہ تر برآمد کنندگان تھے انہیں 69 ارب روپے ریفنڈ کی مد میں ادا کیے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ایف بی آر نے سال 2019ء کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 28 فروری تک توسیع کر دی ہے۔31 جنوری تک ایف بی آر کو 23 لاکھ 39 ہزار ریٹرنز موصول ہوئے جبکہ مزید 5 لاکھ کی وصولی کے لیے تاریخ کو بڑھایا گیا۔ گزشتہ برس ریٹرنز جمع کرانے کی تعداد 18 لاکھ تھی جو سب سے زیادہ تھی۔ خیال رہے کہ بین الاقوامی مانیٹری فنڈ کی ٹیم آئندہ ہفتے جائزہ لے گی، تاہم اس نے سالانہ محصولات کی وصولی کا ہدف بجٹ کے تخمینہ 55 کھرب 3 ارب روپے سے کم کرکے 52 کھرب 70 ارب روپے ہے۔ ادھر کسٹم کی مجموعی وصولی بھی مالی سال 2020ء کے 7 ماہ میں کم ہوئی اور یہ 488 ارب 10 کروڑ روپے کے ہدف کے مقابلے میں 114 ارب 90 کروڑ روپے کم ہوکر 373 ارب 20 کروڑ روپے رہا۔ اسی طرح گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں انکم ٹیکس کی مجموعی وصولی 10 کھرب 5 ارب روپے کے مقابلے میں 895 ارب 80 ارب روپے رہی۔ علاوہ ازیں پہلے 7 ماہ میں اشیا پر سیلز ٹیکس وصولی 11 کھرب 28 ارب روپے کے مقابلے میں 10 کھرب 50 ارب روپے رہی اور اس طرح 122 ارب 80 کروڑ روپے کا شارٹ فال رہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے