English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شام میں نیا تصادم ،6 ترک اور 13 اسدی فوجی ہلاک

القمر

دمشق/ انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں ترکی اور بشارالاسد کی فوجوں کے درمیان لڑائی شروع ہوگئی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق پیر کے روز ادلب میں اسدی فوج کی گولہ باری سے 6ترک فوجی جاں بحق او ر 9زخمی ہو گئے۔ تُرک محکمہ دفاع کے مطابق ادلب میں بحالی امن کے تحت متعین ترک فوجیوں پر گولہ باری کی گئی، جس میں 6 ترک فوجی شہید اور کئی زخمی ہو ئے۔ بتایا گیا ہے کہ ترک فوج نے اس کے بعد جوابی کاروائی بھی کی ہے۔ وزارت دفاع کے بیان کے مطابق ترک فوج نے حملے کا جواب دیتے ہوئے مذکورہ صوبے میں دشمن کے اہداف کو تباہ کر دیا۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اسدی فوج کو ترکی کے فوجی ٹھکانوں کے بارے میں پیشگی مطلع کر دیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود اسدی فوج نے گولہ باری کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق ترک فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 13 اسدی فوجی ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔ ترک فوج کی جانب سے ادلب اور صوبہ لاذقیہ کے دیہی علاقوں میں اسدی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایاگیا۔ شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق کے مطابق ترک فوج کی گولہ باری کے باعث 13 اسدی فوجی ہلاک اور 20 زخمی ہوئے، جن میں سے کچھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ اس کشیدگی کے نتیجے میں علاقے سے نقل مکانی کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ اسدی فوج اتوار کے روز ادلب کے جنوب مشرقی دیہی علاقے میں داخل ہو کر تزویراتی اہمیت کے حامل شہر سراقب کے بہت نزدیک پہنچ گئی۔ اس سے قبل اسدی فوج نے سراقب اور اس کے اطراف میں دیہی علاقوں پر شدید بم باری کی۔ اس دوران روسی طیاروں کی جانب سے حلب کے دیہی علاقوں پر شدید فضائی حملے کیے گئے۔ شامی مبصر نے اتوار کے روز بتایا کہ ترک فوج نے حلب اور لاذقیہ کے درمیان ہائی وے کو فوجی علاقہ قرار دیا ہے۔ یہ روس کے ساتھ ترکی کی کشیدگی کی جانب واضح اشارہ ہے۔ شامی مبصر نے اتوار کی شام کفرلوسین کی سرحدی گزر گاہ کے راستے ترکی کے 5 فوجی قافلوں کے داخل ہونے کی تصدیق بھی کی۔
شام: تُرک فوجی قافلے اسدی دستوں کے زیرقبضہ علاقوں کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے