صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں صوبہ الجوف میں اتحادی طیاروں کے فضائی حملوں میں کئی حوثی کمانڈر مارے گئے، جو ایران میں تربیت حاصل کر چکے تھے۔ عرب ٹی وی کے مطابق جمعرات کے روز حوثی ملیشیا کی ایک بکتر بند گاڑی 5 کمانڈروں کو صعدہ صوبے کے ضلع حیدان سے لے کر آ رہی تھی کہ اس دوران اتحادی طیاروں نے گاڑی کو نشانہ بنایا اور تمام کمانڈر مارے گئے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ الجوف صوبے میں یمنی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں حوثی رہ نما مراد الحباری عْرف ابولیث اپنے 9 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔ الحباری کا تعلق صنعا کے شمال میں واقع علاقے ارحب سے ہے۔ علاوہ ازیں دارالحکومت صنعا کے مشرق میں عرب اتحاد اور یمنی فوج نے ایک مشترکہ آپریشن میں 36 ایران نواز حوثی جنگجو ہلاک کر دیے جب کہ کارروائی میں درجنوں شدت پسند زخمی بھی ہوئے۔یہ واقعہ مشرقی صنعا میں نہم کے محاذ پر پیش آیا۔ واضح رہے کہ نہم کا علاقہ کئی ماہ سے میدان جنگ بنا ہوا ہے۔ یمنی فوج کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کی صبح فوج نے حوثی باغیوں کو ضلع صلب میں ایک کمین گاہ کی طرف آنے کا موقع دیا تاکہ ان کا گھیرائو کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ اس دوران کم از کم 36 حوثی باغی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ اُدھر یمنی حکام کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے باب المندب بندرگاہ کے قریب بحیرہ احمر کے جنوب میں زیرسمندر بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے سے 3 مصری ماہی گیر ہلاک ہوگئے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 3 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
یمن میں بمباری اور جھڑپیں‘ کمانڈروں سمیت کئی باغی ہلاک
القمر
