English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کنٹرول لائن پر پاک فوج کی جوابی کارروائی،ایک بھارتی فوجی مارا گیا،میجر سمیت3 زخمی

القمر

راولپنڈی،اسلام آباد (اے پی پی)بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے دو بچوں اور دو خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں، پاک فوج کی بروقت جوابی کارروائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک جبکہ بھارتی فوج کے میجر سمیت متعدد فوجی زخمی اور چوکیاں تباہ ہو گئیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں بھارتی فوج نے سنبل گلی، جندوٹ، نکیال سیکٹر، جبر اور سندھارہ اور کوٹلی کے گائوں دبسی کی شہری آبادی کو بھاری گولہ بھاری کانشانہ بنایا۔ زخمی ہونے والے شہریوں کو مقامی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کی بروقت جوابی کارروائی سے ایک بھارتی فوجی ہلاک جبکہ میجر سمیت متعدد بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہو گئے، بھارتی فوج کی چوکیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔علاوہ ازیںپاکستان نے پیر کو بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامورکو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارتی قابض افواج کی طرف سے جنگ بندی لائن کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (جنوب ایشیاء و سارک) زاہد حفیظ چغتائی نے بھارتی ہائی کمیشن کے ناطم الامور گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے 9 فروری 2020ء کو لائن آف کنٹرول کے ساتھ ضلع کوٹلی کے دیہات جبر، سندھارا، سنمبل گلی اور دبسی پر بھارتی قابض افواج کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 10 بیگناہ شہری شدید زخمی ہو گئے۔ بھارتی قابض افواج کی اندھا دھند اور بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں جبر گائوں کے محمد شبیر ولد شیخ محمد، جمیلہ بی بی دختر محمد دین، محمد امین ولد محمد دین، محمد یاسین، محمد سفیان ولد محمد یاسین شدید زخمی ہو گئے جبکہ سندھارا گائوں کے محمد حلیم ولد جمیل الدین، محمد ذیشان ولد محمد حلیم، محمد جنید ولد محمد حلیم کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسی طرح سنمبل گلی گائوں میں بھارتی قابض افواج کی اندھا دھند فائرنگ سے زبیدہ بی بی دختر محمد ظہیر اور دبسی گائوں کے رہائشی ظہیر ولد نقیب اللہ شدید زخمی ہو گئے۔بھارتی قابض افواج کی طرف سے ایل او سی کے ساتھ آبادیوں میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل (جنوب ایشیاء و سارک) زور دیا کہ بھارت کے ایسے بے حسی کے اقدامات 2003ء کے جنگ بندی معاہدے اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور بین الاقوامی اقدار کی صریح خلاف ورزی اور ایل او سی پر مزید کشیدگی کو بڑھاوا دینے کے مترادف ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی میں اضافہ کرکے بھارت اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدتر ہوتی صورتحال سے توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ ڈائریکٹرجنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) نے بھارت پر زوردیا کہ وہ جنگ بندی سمجھوتہ کا احترام کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے