کوالالمپور (انٹرنیشنل ڈیسک) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق 94 سالہ مہاتیر محمد نے اپنا استعفا ملائیشیا کے بادشاہ کو بھجوا دیا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے کہا کہ وہ نومبر 2018ء میں ایشیا پیسفک اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس کے بعد عہدہ چھوڑ دیں گے تاہم اس فیصلے سے ان کے اتحادی انور ابراہیم کے سے سیاسی حلقوں میں گہری تشویش پائی جارہی تھی۔ میڈیا پر یہ افواہیں بھی پھیلائی جارہی تھیں کہ مہاتیر محمد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان کرسکتے ہیں۔ 2018ء کے عام انتخابات میں نجیب عبدالرزاق کو شکست دینے کے لیے مہاتیر محمد نے 2جماعتوں کے ساتھ اتحاد بنا کر انتخابات میں حصہ لیاتھا۔ اتحادیوں کے درمیان ہونے والے معاہدے میں طے پایا تھا کہ کامیابی کی صورت میں پہلے 2سال مہاتیر محمد وزیراعظم رہیں گے، جب کہ بقیہ مدت کے لیے انور ابراہیم کو وزیراعظم بنایا جائے گا۔مئی 2020 ء میں ان کی وزارت کے 2سال مکمل ہونے تھے، تاہم ان کا اصرار تھا کہ ان کی حکومت چند اصلاحات پر کام کررہی ہے اور نومبر 2020ء تک مستعفی ہوجائیں گے۔ ان کے بیان کے بعد مہاتیر محمد اور ان کے اتحادیوں میں اختلافات پیدا ہوگئے اور ان پر قبل از وقت استعفے کے لیے دباؤ بڑھنے لگا۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ نیا وزیر اعظم ان کے اتحادیوں ہی میں سے کوئی ہوگا یا اس کیلیے نئے انتخابات کرائے جائیں گے۔ عرب ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ مہاتیر محمد کی جماعت ملک میں نئی حکومت کی تشکیل کی منصوبہ بندی کررہی ہے اور مہاتیر محمد کا استعفا نئی حکومت کے قیام کی کڑی ہے، جس میں انور ابراہیم کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مہاتیر کی سیاسی جماعت نے انور ابراہیم کی پارٹی کے ایک دھڑے اور دوسری اتحادی جماعت کے ساتھ نئی حکومت قائم کرنے کی بات چیت کی ہے۔ ممکنہ طور پر یہ نیا سیاسی اتحاد ایک مرتبہ پھر مہاتیر محمد کو وزیراعظم بنانے کی حمایت کر سکتا ہے تا کہ وہ اپنی 5سالہ مدت کو مکمل کر سکیں۔ یاد رہے کہ 94 سالہ مہاتیر محمد اس وقت دنیا کے معمر ترین وزیراعظم تھے۔ 1957ء میں مہاتیر محمد نے سیاست میں قدم رکھا اور یونائیٹڈ ملایو نیشنل آرگنائزیشن میں شمولیت اختیار کی۔ 1959ء میں انہوں نے پارٹی چھوڑ دی،تاہم بعد میں وہ لوٹ آئے۔ 1964ء میں پہلی بار پارلیمان کے رکن منتخب ہوئے، 1974ء میں وزیر تعلیم ، 1976 ء میں نائب وزیر اعظم اور 1978ء میں وزیر صنعت و تجارت بنے۔ 1981ء میں چوتھے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ مہاتیر کی پالیسیوں سے ملائیشیا ایک پسماندہ ملک سے ایشیائی ٹائیگر بن گیا۔ انہوں نے 2003ء میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ 2016 ء میں مہاتیر محمد ایک بار پھر سیاست کے میدان میں آئے اور اپنی نئی جماعت بنائی۔
کوالالمپور: ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد اپنے جانشین انور ابراہیم کے ساتھ پریس کانفرنس اور مصافحہ کررہے ہیں
سیاسی بحران کے باعث مہاتیر محمد مستعفی
القمر
