کابل/اسلام آباد( خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں حملے کے نتیجے میں 29افراد ہلاک اور 61زخمی ہوگئے۔ مقامی و غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب وحدت پارٹی کے رہنما عبدالعلی مزاری کی 25ویں برسی کی تقریب جاری تھی اورحملہ اس ٹھیک اس وقت ہوا جب افغانستان کی اعلیٰ امن کونسل کے سربراہ محمد کریم خلیل تقریر کررہے تھے جب کہ افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ، سابق صدر حامد کرزئی اور دیگر اہم سیاسی رہنما بھی تقریب میں شریک تھے ۔افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آور نے تقریب کے مقام کے قریب واقع زیر تعمیر عمارت سے حملہ کیا۔حملے کاآغاز اسٹیج کے قریب راکٹ داغ کرکیا گیا جہاں چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ ااور دیگر مہمان بیٹھے ہوئے تھے۔دھماکے کی زوردار آواز ہوتے ہی افراتفری مچ گئی اس دوران شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دینے لگیں۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے اس حملے سے لاتعلقی ظاہر کی ہے جب کہ داعش نے کابل میں ہونے والے دھماکے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق داعش کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حملہ آوروں نے مشین گنز، دستی بم اور راکٹ بموں کے ذریعے تقریب کو نشانہ بنایا۔ افغان میڈیا کا بتانا ہے کہ گزشتہ سال بھی اس تقریب پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 11 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ افغان صدر اشرف غنی نے خود کش حملے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے واقعے کی پر زور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانیت اور قومی اتحاد پر حملہ ہے، امن معاہدے کے بعد سے پْر تشدد کارروائیاں تھم جانی چاہیں لیکن شر پسند امن پر آمادہ نظر نہیں آتے۔ادھر پاکستان نے کابل حملے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم شکر ادا کرتے ہیں کہ حملے میں افغانستان کی قیادت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان افغان تنازع کے پرامن حل کی مستقل حمایت کر رہا ہے، یہ ایک تاریخ موقع ہے۔ پاکستان تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ پائیدار امن اور افغانستان میں استحکام کے لیے مل کر تعمیراتی انداز میں کام کریں۔ علاوہ ازیں افغانستان میں جھڑپوں میں 2پولیس افسران ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ قندوز میں طالبان نے ایک سیکورٹی چوکی پر اچانک دھاوا بول دیا۔حکام کے مطابق جھڑپ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
کابل میں حملہ ،29ہلاک، عبداللہ عبداللہ اورکزئی بچ نکلے
القمر
