واشنگٹن ؍ ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور تیل کے بحران سمیت عالمی اور علاقائی مسائل پر بات چیت کی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق وائٹ ہاؤس نے بیان جاری کیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے مابین بات چیت میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اہم موضوع رہا۔ دریں اثنا سعودی وزیر برائے توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی وجہ سے تیل کی طلب اور قیمتوں میں اتفاق رائے نہیں ہو پایا تو مئی اور جون میں تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کا اجلاس بلانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اپنے روسی ہم منصب کے بیان کے رد عمل میں سعودی وزیر توانائی نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر اوپیک کے رکن ممالک میں تیل کی قیمتوں اور طلب میں اتفاق رائے نہیں ہوتا تو اجلاس بحران سے نمٹنے میں ہماری ناکامیوں کو ظاہر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ روسی وزیر توانائی الیگزنڈر نوواک کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ہر ملک کو اپنا مارکیٹ شیئر برقرار رکھنا چاہیے۔ علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جھوٹی خبروں کے باعث تیل اور اسٹاک مارکیٹیں کریش ہوئیں۔ روس سعودی تنازع پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تیل کی پیداوار اور قیمتوں پر تنازع چل رہا ہے اور جھوٹی خبروں سے عالمی مارکیٹ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ صارفین کے لیے اچھا ہے کہ ایندھن کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں۔
امریکی صدر کی سعودی ولی عہد سے توانائی بحران پر گفتگو
القمر
