اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیسوں میں 20 فیصد کٹوتی معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں نجی تعلیمی اداروں کی20 فیصد فیس معافی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں نجی اسکولوں کی فیسوں میں20 فیصد کٹوتی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا کی۔ نجی اسکولوںکے مالکان نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے ہمیں سنے بغیر فیس معافی کا حکم دیا ہے اسے کالعدم قرار دیا جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ حالات کا تقاضا ہے کہ نجی اسکولز خود فیسوں میں کمی کا اعلان کرتے۔ عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ اگر 2 ماہ کے لیے نجی اسکولوں کا منافع ختم ہو جائے تو اس میں کیا حرج ہے؟ عدالت نے
استفسار کیا کہ غیر معمولی حالات ہیں، کیا آپ نے حکومت سے رجوع کیا ؟ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا کیس پیرا کو بھجوا دیا۔ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے موقف اختیار کیا کہ اپریل اور مئی کی20 فیصد فیس معافی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ حکومت نے ہمارے مسائل کو مدنظر رکھے بغیر فیصلہ کیا۔ درخواست میں وفاقی نظامت تعلیمات اور پیرا کو فریق بنایا گیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیسوں سے متعلق نجی اسکولوں کی استدعا مسترد کردی
القمر
