کراچی/لاہور/اسلام آباد/پشاور /کوئٹہ/ مظفرآباد(اسٹاف رپورٹر+نمائندگان جسارت+آئی این پی) پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 22افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 167 ہوگئی۔گزشتہ24گھنٹے میں مہلک وائرس سے خیبرپختونخوا میں 10، سندھ میں 8اور پنجاب میں 4 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 670نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 8ہزار 411ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے بتایا کہ 24گھنٹوں کے دوران پشاور اور سوات میں 4، 4 جبکہ مردان اور ایبٹ آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں مہلک وائرس سے اموات 60 تک جاپہنچی ہے جو اب تک ملک کے کسی بھی صوبے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 24گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید8افراد کا انتقال ہوا ہے جس کے بعد صوبے جاں بحق افراد کی تعداد 56ہوگئی ہے۔صوبہ سندھ مہلک وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 41ہوگئی ہے۔بلوچستان میں مجموعی ہلاکت5 ، گلگت میں 3اور اسلام آباد میں 2 افراد کا انتقال ہوا ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دنیاکی نسبت کوروناسے ہلاکتوں کی تعدادکم ہے اور ملک میں وائرس سے جاں بحق ہونے والے 80 فی صد افراد کو دیگربیماریاں بھی تھیں۔ میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس کی مقامی منتقلی کوروکنے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان میں کورونا وائرس63 فیصد مقامی طور پر منتقل ہوا۔انہوں نے بتایا کہ دنیابھرمیں پھنسے پاکستانیوں کومرحلہ وار واپس لایا جارہاہے،افغانستان سے پاکستانیوں کے 500،500 افراد کے گروپ کولایا جائے گا، متحدہ عرب امارات سے اسی ہفتے17 پروازوں سے پاکستانیوں کو وطن واپس لائیں گے۔ ترکی،امریکا،آسٹریلیا،قطراوردیگرممالک کے لیے خصوصی پروازیں چلائیں گے۔جہاں پی آئی اے کی رسائی نہیں،وہاں دوسری ائرلائنزکی مددلیں گے۔
ملک میں مزید 22ہلاک‘مجموعی اموات167ہوگئیں‘471نئے کیسز کی تصدیق
القمر
