ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کے باعث سندھ میں مویشی منڈیاں بند ہونے سے گوشت کی قیمت میں اضافہ ہوگیا جبکہ گوشت کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے، مویشی منڈیوں میں کاروبار کرنے والے بھی فاقہ کشی کا شکار ہونے لگے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں سندھ بھر میں لاک ڈائون ہے، وہاں مویشی منڈیوں کو بھی بند کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے گائے اور بکرے کے گوشت کی قلت پیدا ہوگئی ہے، جبکہ بکرے اور گائے کے گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ٹنڈوالہٰیار سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں اس وقت گائے کا گوشت 500 روپے سے 600 روپے تک فروخت ہورہا ہے، جبکہ بکرے کا گوشت 1200 روپے تک فروخت ہورہا ہے۔ قصابوں کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیاں بند ہونے کی وجہ سے مویشی کا ملنا مشکل ہوگیا ہے، مختلف دیہات سے مہنگے داموں مویشی خریدتے ہیں، کیونکہ ہمارے مستقل گاہکوں کو گوشت کی فراہمی یقینی بنانی ہوتی ہے۔ دوسری جانب لاک ڈائون اور مویشی منڈیاں بند ہونے سے مویشی منڈی میں کاروبار کرنے والے سیکڑوں افراد جن میں ہوٹلوں کے مزدور، بریانی فروخت کرنے والے، روزانہ اجرت پر کام کرنے والے اور دودھ فروخت کرنے والے شامل ہیں وہ بھی بے روزگار ہوگئے ہیں اور معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
ٹنڈوالہیٰار ،مویشی منڈیاں بند ہونے سے گوشت کی قیمت میں اضافہ
القمر
