واشنگٹن(اے پی پی)کورونا وائرس کا بحران افغانستان میں جنگ بندی کی کوششوں کے لیے دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ادارہ سگار کی طرف سے کانگریس میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں صحت کا پہلے سے مفلوج نظام،غذائی قلت، غیر محفوظ سرحدیں، بڑے پیمانے پر لوگوں کی نقل مکانی اور ایران کے ساتھ طویل سرحد ایسے عوامل ہیں جو آنے والے مہینوں میں تباہی برپا کر سکتے ہیں۔یہ رپورٹ افغانستان میں تعمیر نو کی کوششوں پر نظر رکھنے والے امریکی ادارے سگار کے اسپیشل انسپکٹر جنرل جان سوپکو نے تیار کی ہے۔اس ادارے کا کام افغانستان میں امریکا کی جانب سے تعمیر نو کے لیے جاری اربوں ڈالر کے منصوبوں میں ممکنہ غبن اور بدعنوانی کی روک تھام کے لیے ان کا آڈٹ کرنا اور اخراجات میں شفافیت لانا ہے۔ جان سوپکو کے مطابق ملک میں کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے یہ بحران مزید گھمبیر ہو سکتا ہے۔
کورونا افغانستان میں جنگ بندی کی کوششوں کیلیے دھچکا ثابت ہو سکتا ہے
القمر
