حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد بینگلز گلاس انڈسٹریز بیلن آٹو مہران مزدور یونین حیدرآباد کی جانب سے ڈائریکٹر لیبر آفس کے سامنے دھرنا دیا گیااور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر یونین کے صدر رئیس احمد،جنرل سیکرٹری عاشق علی ودیگر نے کہاکہ حیدرآباد میں واقع چوڑی صنعت میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے حکومت سندھ نے لاک ڈاؤن میں فیکٹری مالکان کو بذریعہ نوٹیفکیشن 23مارچ کو متنبہ کیا تھا کہ لاک ڈاؤن مین کسی مزدور کو نوری سے نہیں نکالا جائے گا اور لاک ڈاون میں مزدوروں کوتنخواہ ادا کی جائیں گی لیکن نوٹی فیکشن پر کوئی چوڑی فیکٹری مالک عمل نہیں کررہا ۔ستم ظریفی یہ ہے کہ لاک ڈاؤن سے پہلے کی تنخواہیں بھی مزدوروں کو ادا نہیں کی جاری ہیں۔ حکومت سندھ کی جانب سے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو مذکورہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کرانے کا اختیار دیا گیا تھا لیکن انہوںنے تاحال کوئی عمل نہیں کروایا۔ چوڑی ورکرز اپنے حقوق کے لیے ڈائریکٹر لیبر قاسم آباد کے سامنے جمع ہوئے ہیں اور چوڑی مالکان کے خلاف احتجاج کیا تاکہ ہمارا احتجاج ریکارڈ ہوسکے ۔ہم انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدروں کی تنخواہیں ماہ رمضان میں ادا کی جائیں ۔
