کراچی : لیاری جنرل اسپتال میدان جنگ بن گیا،مشتعل افراد کا اسپتال کے میل اور فیمیل نرسز پر تشددکیا، علاج کیلئے آئے مریض اور کئی ڈاکٹرز جان بچا کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد نرسز نے اسپتال کے احاطے میں احتجاج کیا، مظاہرین نے کہا کہ ہم پر بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کے ملازمین نے حملہ کیا تھا، کالج کے ملازمین نے اسپتال کے فیمیل اسٹاف کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا
لیاری جنرل اسپتال میں قائم کورونا مریضوں کیلئے آئسولیشن سینٹر وجہ تنازعہ بن گیا،کورونا آئسولیشن سینٹر اسپتال کے بجائے کالج کے زیر انتظام ہے، کالج انتظامیہ اسپتال کے معاملات میں مداخلت کررہی ہے۔
اسپتال میں ادارہ برائے قلب کے بالائی حصے میں کورونا کے مریضوں کیلئے آئیسولیشن سینٹر قائم ہے،کورونا وائرس کے مریض اور دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے ایک ہی داخلی راستہ ہے،کورونا کےمریضوں کی وجہ سے دیگر مریض بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ آئسولیشن سینٹر سے اب تک عملے کے چار افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں،کورونا آئسولیشن سینٹر کا فوکل پرسن کالج کے برطرف ملازم کو لگایا گیا ہے۔
دوسری جانب بلدیاتی نمائندے بھی مظائرین سے یکجہتی کیلئے پہنچ گئے،یوسی وائس چئیرمین رانگیواڑہ عبداللہ دشتی نے حکومت سے واقعے کو نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کے عملے پر تشدد قابل مذمت ہے۔
