کراچی ،اسلام آ باد ، لاہور ، پشاور ، کوئٹہ ، گلگت، (اسٹاف رپورٹر +مانیٹر نگ ڈ یسک+خبر ایجنسیاں) ملک میں کورونا سے مزید 25 افراد جاں بحق،1268 نئے کیسزکی تصدیق۔ پیر کووزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 11 مریض جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 200 ہوگئی جبکہ 537 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے، اس وقت 9668 مریض زیر علاج ہیں، مزید 68 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں اور انہیں اسپتالوں سے ڈسچارج بھی کردیا گیا ہے، اب تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2149 تک پہنچ چکی ہے۔ کراچی کا ڈیٹا شیئر کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کل 537 نئے کیسز میں سے 432 کا تعلق کراچی سے ہے، ان میں 142 ملیر ، 62 وسطی ، 61 شرقی ، 58 کورنگی ، 58 جنوبی اور غربی میں 51 شامل ہیں۔دیگر اضلاع کے حوالے سے مراد علی شاہ
نے بتایا کہ سکھر میں 22 ، شکار پور 19 ، قمبر شہدادکوٹ میں 11 ، ٹنڈو الہ یار میں 8، لاڑکانہ میں 7، حیدرآباد ، مٹیاری اور سانگھڑ میں 4-4، جیکب آباد میں 3، بدین، جامشورو اور میرپورخاص میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔پیر کو اسلام آباد سے کورونا وائرس کے مزید 38 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 679 ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔آزاد کشمیر میں پیر کوکورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے ترجمان ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کی۔ڈاکٹر مصطفی بشیر نے بتایا کہ 85 سال کے مریض کو کورونا کے باعث 8 مئی کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 86 ہے اور اب تک 64 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 475 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 11568 تک جاپہنچی ہے۔پنجاب میں کورونا سے اب تک 4323 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں پیر کو مزید 12 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 257 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں 6، مردان میں3 اور سوات اپر دیر اور نوشہرہ میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 206 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 4875 تک جاپہنچی ہے۔محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے 1256مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں مزید 2 افراد مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی۔ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق کورونا کے مزید 141 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 2017 ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 242 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں پیر کو مزید 15 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 457 ہوگئی ہے۔
ملک میں کورونا سے مزید 25 افراد جاں بحق،1268 نئے کیسز کی تصدیق
القمر
