English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا ،نائن الیون حملوں میں ملوث سعودی سفارتکار کا نام ظاہر

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن ’’ایف بی آئی‘‘ نے 11 ستمبر 2001ء کو امریکا پر دہشت گردانہ حملوں میں القاعدہ کے 2 ہائی جیکرز کی مدد کرنے کے الزام میں ایک سعودی سفارتکار کا نام حادثاتی طور پر ظاہر کردیا۔ یاہو نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ انکشاف ایف بی آئی کے ایک عہدے دار نے نائن الیون کے متاثرین کے اہل خانہ کی طرف سے قانونی چارہ جوئی کے جواب میں کیا، جس کے مطابق سعودی حکومت حملوں میں ملوث تھی۔ یاہو نیوز کے مطابق ایف بی آئی کے انسداد دہشت گردی ڈویژن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جل اسنورن کی طرف سے فائل اپریل میں دی گئی، لیکن گزشتہ ہفتے کے آخر میں ان کی سیل کھولی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مسعود احمد الجراح کا نام غلطی سے اعلامیے میں شامل کیا گیا۔ مسعود احمد سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک درمیانی سطح کے اہل کار تھا، جسے 1999ء اور 2000ء میں واشنگٹن ڈی سی میں سعودی سفارت خانے میں تعینات کیا گیا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق وہ سعودی عرب کی مالی امداد سے چلنے والی مساجد اور اسلامی مراکز میں وزارت اسلامی امور کے ملازمین کی سرگرمیوں کی نگرانی کے انچارج تھے۔ ایف بی آئی کی رپورٹ کے مطابق مسعود احمد نے 2 افراد ایک عالم دین فہد التمری اور مشتبہ سعودی ایجنٹ عمر البیومی کو ہدایت کی کہ وہ حملوں سے قبل جنوری 2000ء میں 2 ہائی جیکرز کو امریکا میں آباد کرنے میں مدد کریں۔ رپورٹ کے مطابق مسعود احمد الجراح کا پتا نہیں چل سکا ہے، لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ وہ سعودی عرب میں ہیں۔ عہدے داروں نے عدالت کو مطلع کرکے ایف بی آئی کا اعلامیہ واپس لے لیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے