English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یورپی یونین کا داعش کے دوبارہ سرگرم ہونے کا عندیہ

القمر

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین میں انسداد دہشت گردی کے ذمے داران نے خبردار کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے فائدہ اٹھا کر اپنے حملوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ انتباہ انسداد دہشت گردی کے رابطہ کار جل دی کیرشوف کی زبانی یورپی یونین کے رکن ممالک کے لیے ایک خفیہ بریفنگ میں سامنے آیا، جس میں عندیہ دیا گیا کہ داعش کے دہشت گرد عناصر کے نزدیک طبی ٹیموں اور تنصیبات پر حملے انتہائی مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں، جو معاشرے میں بہت بڑے دھچکے کا باعث بنیں گے ۔ انسداد دہشت گردی کے رابطہ کار نے مزید کہا کہ سابقہ تجربات سے ظاہر ہوا ہے کہ دہشت گرد اور شدت پسند عناصر اپنے مقاصد کے حصول کے لیے بڑے بحرانوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اس وقت دہشت گردوں کی اکثریت موجودہ بحران سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پروپیگنڈے میں مصروف ہے اور وہ اس حقیقت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن کے اقدامات کے نتیجے میں لوگ اب معمول سے زیادہ وقت انٹرنیٹ پر گزار رہے ہیں۔ دوسری جانب تیونس کے وزیر داخلہ ہشام المشیشی کا کہنا ہے کہ ملک کو اب بھی دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوران شدت پسند تنظیموں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گیا ہے تا کہ ملک میں مختلف نوعیت کی سائبر اور میدانی کارروائیاں کر سکیں۔ پارلیمنٹ میں سیکورٹی اور دفاع کی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ تیونس میں سیکورٹی اداروں نے دہشت گرد تنظیم داعش کی میڈیا شاخوں کی مشتبہ حرکات کا پتا چلایا ہے ۔ تنظیم ماہ رمضان کے دوران ملک میں میدانی اور سائبر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔ المشیشی کے مطابق ملک میں سیکورٹی کی صورت حال نسبتاً مستحکم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز کسی بھی دہشت گرد کارروائی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے