English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

الخدمت فائونڈیشن ملکانی شریف کی جانب سے مستحق خاندانوں راشن تقسیم

القمر

پنگریو (نمائندہ جسارت) الخدمت فائونڈیشن ملکانی شریف کی جانب سے علاقے کے غریب اور مستحق خاندانوں کی مدد کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں الخدمت ٹیم نے علاقے کے دیہات اور قصبوں میں 35 مستحق خاندانوں میں عید پیکیج کے تحت کھانے پینے کی اشیا تقسیم کیں۔ الخدمت ٹیم نے علاقے کے سروے کے بعد لاک ڈائون متاثرہ دہاڑی دار اور محنت کش طبقے کے علاوہ غریب خاندانوں میں عید پیکیج کے بیگ ان کے گھروں تک پہنچائے۔ اس حوالے سے الخدمت رضاکار ٹیم کے سربراہ شہزاد منصوری اور نعیم تبسم نے میڈیا کو بتایا کہ الخدمت ملکانی شریف (تحصیل جھڈو) کی جانب سے کورونا ایمرجنسی اور لاک ڈائون کے بعد متاثرہ غریب خاندانوں کی مدد کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا اور اسی سلسلے کے تحت مستحقین میں عید پیکیج بھی تقسیم کیا گیا ہے۔ عید پیکیج کے تحت کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی کا مقصد غریب اور نادار خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے باعث علاقے کے سیکڑوں دہاڑی دار محنت کش بے روزگار ہوکر گھر بیٹھ گئے ہیں، بے روزگاری کے باعث ان کے چولہے ٹھنڈے پڑچکے ہیں۔ الخدمت ٹیم نے محدود وسائل کے باوجود ان متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہے۔ انہوں نے تفصیلی آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ الخدمت ملکانی شریف کی جانب سے اب تک پولیس، صحافیوں اور مڈیکل و پیرا میڈیکل عملے کو ایک ماہ تک بسکٹ، 127 گھروں میں راشن، 71 گھروں میں رمضان پیکیج، 25 گھرانوں میں افطار پیکیج، 200 گھرانوں میں بسکٹ، 17 گھرانوں میں بچوں کے ریڈی میڈ ملبوسات کی فراہمی کے علاوہ علاقے کی مساجد، شفاخانوں، مندروں اور دیگر عوامی مقامات پر جراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا ہے جبکہ کورونا سے بچائو کے لیے آگہی پروگرام اور مشقیں بھی کی گئی ہیں، جس سے علاقے کے ناخواندہ افراد کو اس وبائی مرض سے بچائو کے لیے بہت معلومات ملی ہیں اور لوگ سماجی دوری اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت ٹیم نے محدود وسائل کے باوجود کوشش کی ہے کہ کوئی گھرانہ بھوکا نہ سوئے اور اس میں کچھ مخیر افراد نے بھی الخدمت ٹیم سے تعاون کیا ہے، جس کے لیے الخدمت ٹیم ان کی مشکور ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الخدمت ٹیم ہر ناگہانی موقع پر مجبور اور بے کس انسانیت کی خدمت جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے