لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی و ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے چاند کی آڑ میں حکومتی چھتری تلے سیکولر طبقے نے علما اور شعائر اسلام کے خلاف کھلی جنگ شروع کررکھی ہے ۔حکومت علما کے ساتھ مل کر مستقل بنیاد پر رویت ہلال کا مسئلہ حل کرے ۔ پاکستان کے خلاف جگ ہنسائی کا موقع نہ دیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودیؒ انسٹیٹیوٹ میں نماز عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ عید الفطر روز ہ داروں کے لیے شکر اور انعام کا دن ہے ۔روز ہ اورقرآن اہل ایمان کی زندگیوں کو ضابطہ کا پابند بناتا ہے ۔اللہ پر کامل
ایمان اور رسول اللہ خاتم انبیا سے عشق و محبت ہی بندہ مومن کی عزت اور نجات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشتراکیت کے بعد مغربی سرمایہ دارانہ نظام بھی زمین بوس ہورہا ہے ۔ریاست مدینہ کے نظام کی دعویدار حکومت کے لیے تاریخی موقع ہے کہ نئے نظام کی متلاشی دنیا کو پاکستان ،اسلام کا مثالی نمونہ بن کر دکھائے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر ہندو اور فلسطین یہودیوں کے قبضہ میں ہے ۔عالم اسلام کے انتشار کی وجہ سے مسلمان بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ۔عالم اسلام کا اتحاد ہی امت کو بحرانوں سے نجات دلائے گا۔ امت میں اسلام کی محبت ہے لیکن مسلم حکمران مفادات ،ذہنی غلامی اور بے حسی کا مجسمہ بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کراچی میں فضائی حادثہ پر غم زدہ ہے ،غیر جانبدار انہ تحقیقات ہی مطلوب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا پھیل رہی ہے اور حکومت ازسر نو قوم کو دھمکا رہی ہے ۔اصل میں عمران سرکا رکے تذبذب نے پوری قوم کو مشکلات کا شکار کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تباہی کی ذمے دار خود حکومت ہے ۔
سیکولر طبقے نے علما اور شعائر اسلام کیخلاف جنگ شروع کررکھی ہے،لیاقت بلوچ
القمر
