English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ہانگ کانگ میں حکومت مخالف احتجاج کو سال مکمل

القمر

ہانگ کانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) ہانگ کانگ میں چین نواز حکومت کے خلاف جاری احتجاج کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اس موقع پر چین کی جانب سے متنازع قوانین پاس کرنے اور ہانگ کانگ میں مداخلت کے خلاف جمہوریت پسند گزشتہ روز ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے، جہاں ہزاروں افراد نے مارچ کے دوران ’’ہانگ کانگ کی آزادی بحران کا واحد حل ہے‘‘ کا نعرہ لگایا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حقوق اور آزادی کی خاطر مرتے دم تک جنگ لڑتے رہیں گے۔ پولیس نے مطاہرین کو منتشر کرنے اور آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے سخت کارروائی کا انتباہ دیا تھا، گرفتاریوں یا طاقت کے ممکنہ استعمال کی پروا نہ کرتے ہوئے لوگ بڑی تعداد میں ریلیوں کی شکل میں نکل آئے، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے احتجاج کے شرکا پر مرچوں کا اسپرے کرنے کے علاوہ کئی افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کدیکردیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر 25 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ دریں اثنا ہانگ کانگ کی انتظامی سربراہ کیری لائم نے شہریوں سے سماجی استحکام بحال کرنے کے لیے تعاون کی اپیل کی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یقینا عوام مشکلات کا شکار ہوں گے تاہم مزید افراتفری روکنے کے لیے حکومت اور شہریوں کو اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے۔ دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ نئے منظور ہونے والے چینی قانون کا ہدف ایسے لوگ ہیں جو قومی سلامتی کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں ساتھ ہی ہانگ کانگ کے باشندوں کے قانونی حقوق اور آزادی بھی محفوظ ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے