مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے وسطی شہر یافا میں یہودی آباد کاروں اور اسرائیلی انتظامیہ کے ہاتھوں مسلمانوں کے تاریخی قبرستان میں توڑ پھوڑ اور قبروں میں حرمتی پر فلسطینی شہری سراپا احتجاج ہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی پولیس اور یہودی شرپسندوں کی جانب سے منظم انداز میں کی گئی کارروائی کے خلاف سیکڑوں فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے اور الاسعاف الاسلامیہ نامی قبرستان میں توڑ پھوڑ کرنے اور یہاں بے گھر یہودیوں کو عارضی پناہ کی آڑ میں بسانے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اسرائیلی پولیس نے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ جس کے نتیجے میں کئی شہری زخمی اور بے ہوش ہوگئے۔ دوسری جانب اسرائیلی کابینہ کے ایک وزیر نے کہا ہے کہ غرب اُردن کے کچھ حصوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ وزیر برائے آباد کاری زیپی ہوتوویلے نے مزید کہا کہ نئے نقشے کی تیاری میں امریکا کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اُدھر اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی، سعودی عرب، اُردن، فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور جرمنی نے اسرائیلی حکومت کو اس اقدام سے باز رہنے کا کہا ہے۔
اسلامی قبرستان کی بے حرمتی پر احتجاج‘ 4 فلسطینی گرفتار
القمر
