سان فرانسسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)ٹوئٹر نے مبینہ طور پر پراپیگنڈے کے لیے استعمال ہونے والے ہزاروں اکاؤنٹ معطل کر دیے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق کمپنی نے 32 ہزار 242 اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی ہے۔ اس سلسلے میں ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ اکثریتی طور پر چین، روس اور ترکی سے تعلق رکھنے والے اکاؤنٹس کو کمپنی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر معطل کیا گیا ہے۔ جاری اعداد شمار کے مطابق ساڑھے 23 ہزار اکاؤنٹس کا تعلق چین سے ہے جو ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز مظاہروں اور کورونا وائرس کے حوالے سے مخصوص موقف پھیلانے میں مصروف تھے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق زد میں آنے والے کئی اکاؤنٹس کا تعلق مبینہ طور پر حکومتی اداروں سے تھا۔ ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ تمام اکاؤنٹس ایکوچیمبرز کے ایک ایسے نیٹ ورک پر مشتمل تھے جو پروپیگنڈا پھیلانے، غلط معلومات کی تشہیر کرنے اور حکومت پر نکتہ چینی کرنے والوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے جاتے تھے، جس کی وجہ سے منفی سرگریوں میں مصروف اکاؤنٹس کو معطل کرنے کے علاوہ ان پر موجود مواد بھی حذف کردیا گیا ہے، تاہم تحقیقات کے مقصد سے تمام ڈیٹا محفوظ رکھا گیا ہے، تاکہ مستقبل میں ضرورت کے تحت پیش کیا جا سکے۔
ٹوئٹر نے 3ممالک کے ہزاروں اکاؤنٹ بند کر دیے
القمر
