English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی شہید‘ 5 خواتین سمیت کئی گرفتار

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج نے ایک اور فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز بیت المقدس اور بیت لحم کے درمیان شاہراہ پر الکونتینر نامی اسرائیلی چیک پوسٹ پر پیش آیا۔ اسرائیلی پولیس نے نوجوان پر گاڑی چڑھانے کا الزام عائد کیا۔ اسرائیلی فوج نے گولی لگنے کے بعد زخمی نوجوان کو سڑک پر پھینک دیا، جہاں وہ تڑپ تڑپ کر شہید ہوگیا۔ نوجوان کی شناخت 24 سالہ احمد مصطفی عریقات کے نام سے کی گئی ہے۔دوسری جانب صہیونی فوج نے مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیز کارروائی کے دوران ایک محافظ سمیت 5 خواتین نمازیوں کو حراست میں لے لیا،جن کی شناخت شفا ابو غالیہ، آیہ ابوناب، آیہ معتوق، مرام نتشہ اور میار نتشہ کے ناموں سے کی گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں یہودی شرپسندوں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ صہیونی حکام نے مسجد اقصیٰ میں نماز کے لیے آنے والے فلسطینیوں کو روکنے کے لیے بھاری جرمانوں کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے۔ ادھر قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں تلاشی کے دوران کئی فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ صہیونی اہل کاروں نے گھر گھر تلاشی کی آڑ میں توڑپھوڑ کی اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔ اس موقع پر فلسطینی گھروں سے نکل آئے اور کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مقبوضہ بیت المقدس میں گرفتار کیے جانے والے فلسطینی نوجوانوں کی شناخت علی عبید، زین عطیہ اور محمد عبید کے ناموں سے کی گئی۔ نابلس، بیت لحم، جنین اور طولکرم سے 6شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے