حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں ہوشربا اضافے سے صنعتی پیداواری لاگت بڑھے گی،کاروباری سرگرمیاں مزید متاثر ہوں گی م بے روزگاری اور مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ تاجربرادری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اچانک اور ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اضافے کا نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شاکر میمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے پراپنے ردعمل میں کہاکہ تاجر وصنعت کار برادری پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کردی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لیاجائے ۔کورونا وائرس کے باعث عوام پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں ،ملک میں بے روز گاری اور مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے موجودہ صورتحال میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ قبول نہیں اس فیصلے سے عوام میں پائے جانے والی بے چینی
میں اضافہ ہوگا اوراور بھوک وافلاس ، بے روز گاری سے معاشرے میں جرائم وخود کشی جیسے واقعات رونما ہوسکتے ہیں ۔دوسری جانب حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جون کے آخری دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات میں یکدم ہوشربا اضافہ کرنا وزیر اعظم کے وژن کے قطعاً برخلاف ہے جو ہر سطح پر تاجر برادری اور عوام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ٹیکسز میں ریلیف دینے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ اس جلد بازی میں یکم جولائی سے قبل ہی پیٹرولیم مصنوعات میں ہوشربا اضافہ ان کے کسی غیر منتخب مشیر کا شاخسانہ نظر آتا ہے اس بے پناہ اضافے سے معیشت جو پہلے ہی کافی سست روی کا شکار ہے اس کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دے گی جس سے ملک میں مہنگائی کا طوفان اٹھ کھڑا ہوگا اور سب کچھ بہا کر لے جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے قومی مفاد میں مطالبہ کیا ہے کہ معاشی صورت حال کو مزید خرابی سے بچانے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کو فوری واپس لیا جائے ۔
تاجر برادری نے پیٹرول نرخ میں اضافہ مسترد کردیا،نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ
القمر
