English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فوج ،عدلیہ اور حکومت کے خلاف لوگوں کو اکسایا جاتا ہے،عدالت کا یوٹیوب بند کرنیکا عندیہ

القمر

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے سوشل میڈیا، یوٹیوب پر قابل اعتراض مواد کا نوٹس لے لیا اور پاکستان میں یوٹیوب بند کرنے کا عندیہ دیدیا۔ بدھ کو عدالت عظمیٰ نے نوٹس فرقہ وارانہ جرم میں ملوث شوکت علی کی ضمانت کے مقدمے میں لیا۔ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ ہمیں آزادی اظہار رائے سے کوئی مسئلہ نہیں‘ عوام کے پیسے سے تنخواہ لیتے ہیں‘ ہماری کارکردگی اور فیصلوں پر عوام کو بات کرنے کا حق ہے‘ نجی زندگی کا حق بھی ہمیں آئین دیتا ہے‘ کیاایف آئی اے اور پی ٹی اے نے دیکھا ہے کہ یوٹیوب پر کیا ہو رہا ہے‘ یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر ہمارے خاندانوں کو بھی بخشا نہیں جاتا۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ کوئی یوٹیوب پر چاچا تو کوئی ماما بن کر بیٹھ جاتا ہے‘ ججز کو شرمندہ کیا جاتا ہے‘ کل ہم نے فیصلہ دیا اور وہ یوٹیوب پر شروع ہوگیا‘ ہم تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں آخر اس کا اختتام تو ہونا ہے۔ پی ٹی اے حکام نے کہاکہ ہم انفرادی مواد کو ہٹا نہیں سکتے‘ صرف رپورٹ کرسکتے ہیں۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ کئی ممالک میں یوٹیوب بند ہے‘ امریکا اور یورپی یونین کے خلاف مواد یوٹیوب پر ڈال کر دکھائیں۔ جسٹس قاضی امین نے استفسار کیا کہ ایسے جرم کے مرتکب کتنے لوگوں کے خلاف کارروائی ہوئی۔ عدالت نے وزارت خارجہ اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ فوج، عدلیہ اور حکومت کے خلاف لوگوں کو اُکسایا جاتا ہے۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ کئی ممالک میں سوشل میڈیا کو مقامی قوانین کے تحت کنٹرول کیا جاتا ہے۔ بعدازاں درخواست ضمانت کی سماعت 2 ہفتے کے لےے ملتوی کردی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے