مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض صہیونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ پہنچنے سے روکنے کا غیر منصفانہ سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعہ کے روز قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں شہر قدیم اور مسجد اقصیٰ کے دروازوں پر درجنوں نمازیوں کو روک کر نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہ دی۔ مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور قصبات سے فلسطینیوں نے قبلہ اول پہنچنے کی کوشش کی، جنہیں اسرائیلی فوج نے مختلف چیک پوسٹوں پر روک لیا۔ اس ظالمانہ اقدام کے نتیجے میں مختلف مقامات پر اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ دوسری جانب قابض صہیونی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں یہودی شرپسندوں کی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری رہا۔ جمعہ کے روز درجنوں یہودی آباد کار بابِ مغاربہ سے حرم قدسی میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات ادا کرتے رہے۔ اس دوران اسرائیلی اہل کار انہیں مکمل تحفظ فراہم کرتے رہے۔ اس سے قبل جمعرات کے روز بھی یہودی طلبہ سمیت درجنوں آباد کاروں نے فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں 60 یہودی آباد کار، طلبہ اور انٹیلی جنس حکام حرم میں داخل ہوئے۔ یہودی آباد کاروں کے دھاووں کے ساتھ ساتھ قابض پولیس نے بیت المقدس کے فلسطینی نمازیوں کو مسجد اقصیٰ سے بے دخل کرنے کی مہم بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی حکام نے بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے 30 فلسطینیوں کو قبلہ اول سے بے دخل کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے نمازیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روک دیا
القمر
