English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شام کے 6 افراد اور 13 اداروں پر نئی امریکی پابندیاں

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے شام سے تعلق رکھنے والے مزید 6 افراد اور 13 اداروں کے خلاف نئی پابندیاں عاید کردی ہیں۔ا س سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ ان کے امریکا میں موجود اثاثے ضبط کر لیے گئے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں ان شامی افراد اور اداروں کو بلیک لسٹ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد بتایا گیا ہے کہ امریکا بشارالاسد کی حکومت کو مذاکرات کی میزپر لانا چاہتا ہے تاکہ شام میں جاری بحران کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی نگرانی میں حزب اختلاف کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔ محکمہ خزانہ نے اس سے قبل 20 اگست کو صدر بشار الاسد کی میڈیا مشیر لونا الشبل اور شام کی حکمراں بعث پارٹی کے رکن محمد عمار سعطی بن محمد نوزاد پر بھی پابندیاں عاید کی تھیں۔ علاوہ ازیں امریکی محکمہ خارجہ نے شامی فوج کے کئی یونٹوں کے کمانڈروں کے خلاف بھی پابندیاں عاید کر رکھی ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ نئی پابندیوں کی زد میں آنے والے شامی عہدے داروں پر جنگ بندی میں حائل ہونے اور اس کی پاسداری نہ کرنے کی وجہ سے پابندیاں عاید کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادی بشارالاسد اور ان کے معاونین کے خلاف تنازع کے پُرامن اور سیاسی حل تک دباؤ برقرار رکھنے کے لیے متحد ہیں۔ اس سے قبل پومپیو نے دھمکی دی تھی کہ بشار اور ان کے غیرملکی سرپرست خوب جانتے ہیں کہ گھڑی کسی وقت بھی اقدام کے لیے ٹک ٹک کررہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے