نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے دنیا بھر میں ویکسین مہیا کرنے کی غرض سے 15 ارب ڈالر کے فنڈز کی اپیل کی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی وبا سے متعلق ایک آن لائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی ویکسین کی پیشگی خریداری اور ذخیرہ کرنے کے لیے وسائل کی دستیابی ناگزیر ہے تاکہ اس موقع کو ضائع ہونے سے بچا جاسکے اور جو ممالک کورونا کے خلاف تحقیق پر کام کررہے ہیں، ان کی معاونت بھی ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے غیرمعمولی کاوشیں کی جارہی ہیں لیکن اس کے باوجود اس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور گزشتہ ہفتے اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز ہوگئی تھی۔ دوسری جانب برطانیہ میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف شہروں میں ایک بار پھر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ وزیرصحت میٹ ہینکوک نے جمعرات کے روز شمالی شہر لیورپول میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ اس سلسلے میں پارلیمان میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ لیورپول سٹی ریجن، ویرنگٹن، ہیرٹل پول اور مڈلزبرو میں نافذ پابندیوں میں مزید توسیع کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پابندیوں کے باعث کاروباری نقصان سے آگاہ ہیں، تاہم انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔
نیو یارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کورونا سے متعلق کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں
اقوام متحدہ کی کورونا ویکسین کے لیے 15 ارب ڈالر کی اپیل
القمر
