English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا : دوسرا صدارتی مباحثہ منسوخ ، ٹرمپ کی انتخابی سرگرمیاں بحال

القمر

 

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدارتی مباحثہ کمیٹی نے 15 اکتوبر کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حریف جو بائیڈن کے درمیان ہونے والے مباحثے کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرمپ کی انتخابی مہم کے منتظمین نے فیصلے پر کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کا صدر ٹرمپ کے طبی معاینے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ٹرمپ کی مہم کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر ٹم مورٹا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایسی کوئی وجہ نہیں ہے ،جو جو بائیڈن اور صدر ٹرمپ کو ایک ساتھ مباحثہ کرنے سے روک سکے ۔ اس معاملے میں الیکشن کمیشن کو اپنی رائے نہیں دینی چاہیے تھی۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میامی میں 15 اکتوبر کو ہونے والے مباحثے کو منسوخ کرنے کی کوئی طبی وجہ نہیں ہے، بلکہ انتخابی کمیشن نے صدر ٹرمپ سے تعصب اور جانب داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے متنازع فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد ہفتے کے روز وائٹ ہاوس میں پہلی تقریر کی، جب کہ ان کے ڈیموکریٹک حریف جو بائیڈن نے ان کی جلد بازی کو غیر ذمے دارانہ عمل قرار دیا۔ امریکی طبی ادارے کے مطابق کورونا سے متاثرہ شخص کے لیے کم از کم 20روز قرنطینہ میں رہنا لازمی ہے، تاہم ٹرمپ ایک ہفتے بعد ہی منظر عام پر آگئے ہیں۔ اس کے لیے انہیں مبینہ طور پر ان کے معالج نے دباؤ کے تحت اجازت دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے ڈاکٹر کو یقین ہے کہ وہ اب قرنطینہ کو چھوڑ سکتے ہیں۔ ادھر صدر ٹرمپ باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کل ریاست فلوریڈا میں ریلی کی قیادت کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جوبائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان ہونے والا مباحثہ بدزبانی کی نذر ہوگیا تھا اور امریکی عوام اپنے مستقبل سے متعلق اچھی باتیں سننے کو ترس گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے