English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مولانا عادل کی شہادت ، جمعہ کو ملک گیر احتجاج کراچی میں ہڑتال کا اعلان

القمر

 

کراچی (نمائندہ جسارت)کراچی علما کمیٹی نے اپنے سربراہ مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف 16 اکتوبر کو ملک بھر میں یوم احتجاج اور پر امن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا ڈاکٹرعادل خان کی شہادت کو ہم بھول نہیں سکتے ، قاتلوں کی گرفتاری کے لیے کوئی اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں ،ہم سخت احتجاج پر اب مجبور ہوئے ہیں ، ہم نے 48 گھنٹے کا جو الٹی میٹم دیا تھا وہ بھی پورا چکاہے۔ہم نے ایک عظیم شخصیت کھوئی ہے پر امن احتجاج ہمارا قانونی اور جمہوری حق ہے ۔یہ اعلان کراچی علماکمیٹی کے طویل اجلاس کے بعد منگل کی شام مقامی ریسٹورنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی علماکمیٹی کے قائم مقام سربراہ مولاناقاری اللہ داد نے کیا۔ مولانا حضرت ولی ، مولانا اورنگزیب فاروقی ، مولانا ڈاکٹر قاسم محمود ،مفتی حماد اللہ مدنی ، مولانا طیب ، مولانا سیف اللہ ربانی ، مولانا تاج محمد حنفی ، حافظ احمد علی ، مولانا قاسم عبداللہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق قبل ازیں ہونے والے طویل اجلاس میں مولانا طلحہ رحمانی ، قاری محمد عثمان، مولانا منظور مینگل ، مفتی محمد زبیر ، مولانا عمر صادق ، مولانا احمد یار خان ، مولانا ابراہیم مظہر اور دیگر علما سے مشاورت کی گئی۔ قاری اللہ داد نے کہاکہ تمام علما سے مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیاگیا ہے کہ جمعہ 16 اکتوبرکو کراچی علماکمیٹی کے شہید سربراہ مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج اور پر امن ہڑتال کی جائے گی۔ تمام مکاتب فکر کے علمااور تمام مذہبی جماعتوں کے قائدین اہل مدارس ، تنظیمات مدارس کے قائدین سے مشاورت کے بعد کراچی علماکمیٹی نے ملک بھر میں پرامن ہڑتال اور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پوری قوم،تاجر برادری ،سیاسی تنظیموں اور شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اس پرامن احتجاج میں حصہ ضرور لیں۔اجلاس میں جمعیت علمااسلام (س)،اہلسنت والجماعت ،جمعیت علما اسلام (ف)،اشاعۃ التوحید والسنہ،سنی علماکونسل، متحدہ دینی محاذ ،انجمن دعوت اہلسنت ،تنظیم العلما کراچی پاکستان ،سنی مجلس عمل ،مجلس احرار سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے