English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ امن اور محبت کی دھرتی ہے، گورنر سندھ

کراچی: سندھ کے گورنر عمران اسماعیل کا کہناہےکہ دنیا کی ثقافتی تاریخ میں صوبہ سندھ  کی ثقافت نمایاں مقام رکھتی ہے، جس کے آثار 5 ہزار برس قبل بھی ملتے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق سندھ کی ثقافت کے دن کے موقع پر اپنے وڈیو پیغام میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اللّہ تعالیٰ کی رحمت کے بعد بزرگانِ دین اورصوفیائے کرام کا اس دھرتی پر سایہ ہے اور یہ دھرتی حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ ، حضرت لعل شہبازقلندر ؒ سمیت بے شمار اولیا  اللّہ کی سرزمین ہے اور ان کی وجہ سے ہماری سندھ دھرتی ایک خوبصورت  گلدستہ نظر آتی ہے۔

عمران اسماعیل کا کہناتھا کہ کورونا وائرس کے باعث احتیاط ضروری ہے تاہم ہم سب بھرپور محبت  اور انتہائی احتیاط  کے ساتھ اس دن کو ضرور منائیں گے۔

 گورنر سندھ نے کہا کہ ہم اجرک پہن کر پوری دنیا کو باور کرائیں گے کہ اہلِ سندھ اپنی ثقافت پر بہت ناز کرتے ہیں اور سندھ امن اور محبت کی دھرتی ہے، آج کے دن ہم اسی پیغام کو ساری دنیا میں لے کر جاتے ہیں۔

دوسری جانب  سندھ کلچرل ڈے پر وزیراعلیٰ پنجاب آفس میں بھی سندھی یوم ثقافت پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ مہمان خصوصی تھے جبکہ عثمان بزدار نے یوم ثقافت پر سندھ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ سندھ کی ثقافت کا شمار دنیا کی عظیم اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے اور سندھ کی ثقافت پاکستان کی ثقافت کی خوب صورتی ہے، سب ثقافتیں سانجھی ہیں، سندھی ثقافت کا دن منا کر دلی خوشی ہوئی۔

اس تقریب میں عثمان بزدار، فردوس عاشق اور سیکریٹری اطلاعات کو اجرک بھی پہنائی گئیں اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو سندھ کے معروف لوک گلوکار علن فقیر کا پورٹریٹ پیش کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے