


کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سندھ گورنمٹ چلڈرن اسپتال شادمان نارتھ ناظم آباد کے 780 ملازمین بشمول ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اور ایڈمن اسٹاف کو 7ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی 780گھرانوں اور خاندانوں کے ساتھ سراسر ظلم ونا انصافی ہے ۔ تمام ملازمین کی تنخواہیں فی الفور ادا اور مسائل حل کیے جائیں ۔ جماعت اسلامی مظلوم ملازمین کے ساتھ ہے اور
ان کے مسائل کے حل کی ہر ممکن کوشش کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں چلڈرن اسپتال کے متاثرہ ملازمین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد میں ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اور ایڈمن اسٹاف کے افراد شامل تھے ۔ جنہوں نے اپنی مشکلات و پریشانیوں اور سندھ حکومت اور متعلقہ این جی اوزPoverty Eradication Initiative(PEI)اور سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت و لاپروائی اور مسائل کے حل میں عدم دلچسپی کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور گزارش کی کہ مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری راشد قریشی ، الخدمت کے منظر عالم اور رانا محمد انور بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے متاثرہ ملازمین کو جماعت اسلامی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری ہے اور ہم کراچی کے تمام شہریوں کے مسائل کے حل اور ان کے جائز اور قانونی حق کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں ۔ چلڈرن اسپتال کے متاثرہ ملازمین کی بھی ہر ممکن مدد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور متعلقہ این جی اوز کی ذمے داری ہے کہ وہ بڑی تعداد میں تنخواہوں سے محروم ملازمین کے مسائل حل کرے اوراسپتال کو بھی عملاً فعال اور عوام کے لیے ایک بہتر سہولت کا ذریعہ بنائے ۔ وفد نے بتایا کہ مذکورہ اسپتال کا افتتاح 7دسمبر 2016ء کو ہوا تھا اور جاپان کی ایک این جی او JICAنے ایک مکمل اسپتال ،نئی عمارت اور تمام ضروری میڈیکل آلات کے ساتھ بنا کر دیا اور سندھ حکومت اور ایک اور مقامی این جی او PEIنے مشترکہ طور پر اس کو چلانے کی ذمے داری لی اور افتتاح کے وقت کے وزیر صحت سکندر علی میندرو بھی موجود تھے ۔ اسپتال کا سالانہ بجٹ 40کروڑ روپے طے کیا گیا اور ہر سال بجٹ میں 20فیصد اضافہ بھی کیا جا تا تھا مگر اب صورتحال یہ ہے کہ 21ماہ سے اسپتال کو کوئی بجٹ نہیں دیا گیا ۔ پورے اسٹاف 780ملازمین کی 7ماہ سے تنخواہیں تک نہیں دی گئیں ، ہمارے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے ہم شدید مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں ، سندھ حکومت اور PEIنے مکمل طور پر لاتعلقی اختیار کی ہوئی ہے ۔
