اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا ماحولیاتی آلودگی میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے‘ پاکستان ماحولیاتی آلودگی سے دنیا میں پانچواں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے‘ ہم نیشنل پارک کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں‘ نیشنل پارک کی تعداد 30 سے بڑھ کر45 کر رہے ہیں‘ فیصلہ کیا ہے کہ کوئلے سے مزید توانائی پیدا نہیں کریں گے‘ کوئلے سے چلنے والے پلانٹ کی جگہ ہائیڈرو پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ ہفتے کو موسمیاتی تبدیلیوں پر عالمی ورچوئل اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2030ء تک مجموعی توانائی کے60 فیصدکوکلین انرجی پرمنتقل کرنے کا ہدف ہے‘ 2030ء تک 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا بھی ہدف ہے‘ پاکستان کلین انرجی کی جانب گامزن ہے‘ ہم آئندہ 3 سال میں 10ارب پودے اُگا رہے ہیں ۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں کمی پر میں اپنی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہفتے کو اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ 102روپے کے مقابلے میں آج ماشا اللہ ملک بھر میں چینی اوسطاً81 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے‘ ایک کثیر الجہتی حکمت عملی کے ذریعے چینی کی قیمت میں کمی ہوئی جس پر میں اپنی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

