شیخوپورہ (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما ایم این اے رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کو اب جانا ہو گا، لاہور جلسے کے بعد سب کی نیندیں حرام ہو جائیں گی،تاریخ گواہ ہے جن کا دعویٰ تھا کہ ہماری کرسی بڑی مضبوط ہے انہیں بھی عوام کی آواز کے سامنے جھکنا پڑا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مریدکے، فیروزوالا اور فیض پور میں کارکنان کے قافلوں اور استقبالیہ کیمپس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، رانا تنویر حسین نے کہا کہ لاہور ہمیشہ ملکی سیاست کا رخ بدلتا ہے قوم نے حکمرانوں کو بتادیا ہے ان سے چھٹکارے سے کم پر بات نہیں رکے گی،پی ڈی ایم کا جلسہ ان کے اقتدار کی گرتی دیوار کیلیے آخری دھکا ثابت ہوگا اور یہ دھکا لاہور جلسے کی صورت میں قوم نے مل کر دیا ہے، اسلام آباد جانا پڑا تو بھی سیاسی کارکن اور سول سوسائٹی نہیں رکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آمر پرویز مشرف بھی مکے لہراتا اور کہتا تھا اس کی کرسی بڑی مضبوط ہے مگر آج حکومت تو درکنار، ملکی سیاست میں بھی اس کا کوئی رول نہیں، موجودہ نااہل حکمرانوں کے بھی بڑے بڑے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوں گے اور قوم انہیں جمہوریت دشمنی، انتقامی سیاست، نااہلی اور ووٹ کی عزت پامال کرنے پر اقتدار کے ایوانوں سے نکالنے سے کم پر راضی نہیں ہوگی۔
آج کے بعد انکی نیند حرام ہوجائیگی، سلیکٹڈ کو جانا ہوگا، رانا تنویر
القمر
