مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے جنوبی ایشیائی ملک بھوٹان سے بھی سفارتی تعلقات قائم کرنے کا اعلان کردیا۔ صہیونی ریاست کے اخبار ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب بھارت میں اسرائیلی سفارتکار رون مَلکا کے گھر پر منعقد ہوئی۔ دریں اثنا صہیونی ریاسست کے وزیر خارجہ گابی اشکنازی نے بھوٹان کے اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے اور اسے اسرائیل کے ایشیا میں بڑھتے ہوئے تعلقات کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ اپنے بیان میں صہیونی وزیر نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا دائرہ کار وسیع ہوتا جارہا ہے اور توقع ہے کہ بھوٹان کے بادشاہ آیندہ سال اسرائیل کا دورہ کریں گے جہاں وہ ان کا خیرمقدم کریں گے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ گابی اشکنازی نے معاہدے کے بعد بھوٹانی ہم منصب ٹانڈی درجی سے گفتگو کی اور آبی انتظام، زراعت اور حفظان صحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی بھوٹان کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کا خیر مقدم کیا اور اسے عرب ممالک کے ساتھ حالیہ امن معاہدوں کا ثمر قرار دیا۔ صہیونی وزیرا عظم نے دعویٰ کیا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے خواہاں بعض دیگر ممالک سے بھی رابطے میں ہیں۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل امریکا کی ثالثی میں مراکش اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے قیام پر اتفاق کیا گیا تھا۔ امریکی سینئر عہدے دار کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے مراکش کے فرماں روا محمد ششم کے ساتھ فون پر معاہدے کو حتمی شکل دی، جس کے تحت مراکش مکمل سفارتی تعلقات اور سرکاری سطح پر اسرائیل کے ساتھ رابطے قائم کرے گا۔
