English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

علی گڑھ یونیورسٹی کا جشن ، مودی کو دعوت پر تنازع

القمر

 

علی گڑھ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی معروف اور تاریخی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے ادارے کی صد سالہ تقریبات میں وزیر اعظم نریندر مودی کو بطورِ مہمانِ خصوصی مدعو کیا ہے۔ اس فیصلے پر بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ اور دیگر حلقوں نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے تنقید کی ہے۔ مودی آج 22 دسمبر کو وزیر تعلیم رمیش پوکھریال کے ساتھ اس تقریب میں وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔ نریندر مودی تقریبات کا افتتاح نئی دہلی سے کریں گے، لیکن ان کی شرکت پر بعض حلقوں کی مخالفت کے پیش نظر یونیورسٹی میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ علی گڑھ یونیورسٹی میں معمول کی سیکورٹی کے علاوہ جامعہ کے باہر سریع الحرکت فورس کے جوان بھی تعینات ہیں۔ مودی تقریب کا افتتاح کریں گے تو سیکورٹی اہل کاروں کی تعداد مزید بڑھائے جانے کا بھی امکان ہے۔ تقریب میں نریندر مودی کی شرکت پر بعض طلبہ رہنماؤں نے اس موقع پر یونیورسٹی میں سیاہ پرچم لہرانے کا پروگرام بھی بنا رکھا ہے۔ اس صورتِ حال پر یونیورسٹی کی طلبہ یونین کے سابق نائب صدر ندیم انصاری کہتے ہیں کہ تقریب میں نریندر مودی کی موجودگی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وائس چانسلر اپنے مفاد کے پیش نظر وزیر اعظم کو مدعو کر رہے ہیں تو انہیں چاہیے تھا کہ وہ نریندر مودی کو اپنی رہایش گاہ پر بلاتے۔ ندیم انصاری نے کہا کہ اگر اس پروگرام کی وجہ سے یونیورسٹی کا ماحول خراب ہوتا ہے تو اس کی تمام تر ذمے داری انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ سابق رکن پارلیمان محمد ادیب کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کو اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت نشیب و فراز سے گزرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سوچا تھا کہ آج کے دن برادرانِ علی گڑھ اور بہی خواہانِ علی گڑھ جشن منائیں گے۔ ہمیں امید تھی کہ اس موقع پر دنیا سے کوئی بہت بڑا دانش وَر یا کسی سائنس دان کو مدعو کیا جائے گا یا کسی ایسے شخص کو بلایا جائے گا جس نے دنیا کو کچھ دیا ہو۔ اگر ملک سے ہی کسی کو بلانا ضروری تھا تو صدر کو بلاتے جو یونیورسٹی کا وزیٹر ہوتا ہے، لیکن انتظامیہ نے ایک ایسے شخص کو مدعو کیا ہے، جو مسلمانوں کو ان کے حقوق اور مقام دیے جانے کا ہی مخالف ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے