

اسلام آباد( آن لائن )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان ممالک جدید سائنسی علوم کی تعلیم پر توجہ دے کر دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں، وہ اخلاق و علم کے مجموعے سے دنیا میں ابھر کر سامنے آ سکتے ہیں، جدید سائنسی علوم سے اپنا کھویا ہوا مقام پاسکتے ہیں، مستقبل مسلمانوں کا دکھائی دیتا ہے، مسلم ممالک کو سخت محنت، تعلیم و صحت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو گلوبل الفارابی فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہاکہ مستقبل مسلمانوں کا دکھائی دیتا ہے تاہم انہیں سخت محنت اور لوگوں کو تعلیم و صحت کی فراہمی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں الفارابی کے اصولوں پر آگے بڑھنا چاہیے جو کہ موجودہ حالات کے تناظر میں قابل عمل ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دنیا اخلاقیات کی جانب نہیں دیکھ رہی تاہم مسلمان اخلاقیات کا خیال رکھتے ہیں اور وہ اخلاقیات اور علم کی بنیاد پر تبدیلی لا سکتے ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیر، فلسطین اور روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار ابتر ہے۔ مسلمانوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی کی تیزی سے ترقی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ مصنوعی ذہانت کے باعث علم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس وٹیکنالوجی تعاون پر زور دیاکہ وہ امت مسلمہ کے نوجوانوں کو عصری علوم کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے۔
