کراچی/ اسلام آباد/ لاہور (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں / نمائندہ جسارت / مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میںکورونا سے سینیٹر کلثوم پروین سمیت 62 افراد جاں بحق اور وزیراعلیٰ پنجاب بھی وائرس کا شکار ہوگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا کے 34 ہزار 772 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 63 لاکھ 36 ہزار 113 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں مزید 1792 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 98 ہزار 968 ہوگئی۔ کورونا نے مزید62 افراد کی زندگی کے چراغ گل کردیے جس کے بعد اب تک کورونا سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 9 ہزار392 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک ہزار680 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد اس وبا سے صحتیاب مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 9 ہزار 85 ہوگئی ہے‘ فعال مریضوں کی تعداد 40491 ہے جن میں سے 2 ہزار 403 کی حالت تشویشناک ہے۔دریں اثنا اسلام آباد میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سینیٹر کلثوم پروین کورونا کے باعث انتقال کر گئیں ‘ ان کے انتقال پر صدر مملکت، وزیر اعظم، چیئرمین سینیٹ سمیت حکومتی اور اپوزیشن رہنمائوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔مرحومہ گزشتہ2 ہفتے سے وفاقی دارالحکومت کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا اظہر مشوانی نے اپنیٹوئٹ میں کہا کہ عثمان بزدار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ‘ وزیر اعلیٰ کو گزشتہ رات سے بخار اور فلو تھا اور وہ ڈاکٹر کے مشورے پر سیلف آئسولیشن میں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے‘ انہوں نے اپنی تمام مصروفیات ترک کر دی ہیں۔اِدھر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے جس کے بعد انہوںنے خود کو فوری طور پر اپنے گھر میں قرنطینہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں19 مریض انتقال کرگئے جبکہ 644 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 872 افراد صحت یاب ہوئے ہیں‘ 10234 نمونوں کی جانچ کی گئی‘ مزید872 مریض صحت ہوئے ہیں‘20530 مریض زیر علاج ہیں‘ 708 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے89 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں رپورٹ644 نئے کیسز میں سے514 کا تعلق کراچی سے ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی دستیابی کے لیے 150 ملین ڈالر مختص کردیے گئے ‘ کورونا ویکسین کب اور کس کو لگے گی‘ اس کے لییانفارمیشن سسٹم تیار کر رہے ہیں‘ ویکسین کے حوالے سے فیصلہ سازی کے لیے 3 سینئر وزرا پر مشتمل کابینہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے‘ آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کو ویکسین کی فراہمی ممکن ہوسکے گی‘نجی سیکٹر اپنی ویکسین رجسٹرڈ کرانا چاہے تو رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا رسک الائونس کے حوالے سے ڈاکٹرز کا گِلہ بالکل ٹھیک ہے‘ رسک الائونس بڑے زبردست طریقے سے دیا جانا چاہیے تھا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔

