English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بریگزٹ : متنازع ترین تجارتی معاہدے پر اتفاق

لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن یورپی یونین کی سربراہ ارزولا فان ڈیئرلائن کی جانب سے خوشخبری سنائے جانے پرجشن منا رہے ہیں

 

برسلز/ لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کے بعد مستقبل میں تجارت کی نوعیت سے متعلق تاریخی معاہدے پر اتفاق ہوگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعرات کے روز یورپی یونین کے اعلیٰ مذاکرات کار مشیل بارنیئر نے ایک پریس کانفرنس میں اس معاہدے پر اتفاق کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب مزید انتظار نہیں کرنا پڑے گا، بالآخر چار سال کی جامع کوشش اور یورپی یونین کے اتحاد نے اسے یقینی بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کو توثیق کے لیے اتحاد کے 27ممالک اور یورپی پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔ یورپی یونین نے تمام رکن ممالک کے سفرا سے کہا ہے کہ وہ کرسمس کی چھٹیوں کے دوران بھی میسر رہیں۔ اس کے بعد یورپی یونین کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر لائن نے ایک وڈیو کانفرنس کے ذریعے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔ معاہدے پر اتفاق کے بعد بورس جانسن نے ٹیلی وژن پر خطاب میں کہا کہ اگرچہ ہم نے یورپی یونین کو چھوڑ دیا ہے، لیکن ہماری ثقافتی، جذباتی، تاریخی، تزویراتی اور جغرافیائی وابستگی یورپ کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے یورپی یونین کے رکن ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے دوست، اتحادی اور مددگار رہیں گے۔ واضح رہے کہ برطانیہ 31 دسمبر کو یورپی یونین سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے الگ ہو رہا ہے۔ اس میں صرف 6 دن باقی ہیں۔ اس معاہدے تک پہنچنے میں فریقین کے درمیان کئی امور پر اختلاف تھے اور ان پر 9 ماہ تک مذاکرات جاری رہے۔ سب سے بڑا مسئلہ فریقین کے درمیان تجارت کی آیندہ نوعیت تھا۔ اسی طرح سمندری حدود میں ماہی گیری پر بھی اختلاف تھا۔ اس معاہدے نے فریقین کے درمیان متوقع معاشی تعطل کا راستہ روک دیا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے